Apr ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۱ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف سائبر حملہ ناکام

ایران کے متعلقہ اداروں نے بنیادی ڈھانچے پر کیے جانے والے ایک وسیع سائبر حملے کو ناکام بنادیا ہے

ایوان صدر کے مرکز برائے انفارمیشن ایکسچینج سیکورٹی کا کہنا ہے کہ اس مرکز کے ماہرین نے پچھلے چند روز کے دوران بروقت اقدامات انجام دے کر، ملک کے بینادی ڈھانچے پر کئے جانے والے وسیع سائبر حملے کو پہلے ہی مرحلے میں ناکام بنادیا ہے۔ مذکورہ مرکز کا کہنا ہے کہ سائبر حملہ کرنے والے ہیکرز سرکاری اداروں میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ایک سافٹ ویئر کے سیکورٹی ہول سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے، انفرا اسٹریکچرتک دسترسی حاصل کرنے اور ان کا ڈیٹا چرانے کے ساتھ ساتھ ، اپنے من پسند احکامات کا اجرا اور غلط معلومات فیڈ کرنا چاہتے تھے۔

مرکز برائے انفارمیشن سیکورٹی ایکسچنیج کے مطابق، قبل اس کے کہ ہیکر اپنے ناپاک عزائم کو عملی جامہ پہناتے، ان کی اس کوشش کو ناکام بنادیا گیا۔ انفارمیشن سیکورٹی ایکسچینج سینٹر کا کہنا ہے کہ، سائبر حملے کے طریقہ کار اور ہیکروں کے اقدامات پر ہمارے ماہرین کی پوری دسترسی کے نتیجے میں، حملہ آوروں کے اہداف کی نگرانی کی گئی اور واضح ہوگیا کہ اس حملے کا اصلی ہدف سو سرکاری اور نجی الیکٹرانک خدمات کو نشانہ بنانا تھا۔

ایسے حملے میں ہیکرعام طور سے غیر قانونی طور پر سسٹم میں داخل ہونے کے بعد، ایک چور دروازہ کھولتے ہیں جس کے ذریعے سسٹم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کا راستہ ہموار، ڈیٹا کا حصول آسان اور اپنے من پسند احکامات کا اجرا نیز غلط معلومات فیڈ کی جاسکیں ۔

مرکز برائے انفارمیشن ایکسچینج سیکورٹی کے مطابق، اس مرکز کے فنی ماہرین نے، ایک نامعلوم سیکورٹی ہول کا پتہ لگا کر اور سیکورٹی انفارمیشن کو اپڈیٹ کرکے، ہالینڈ، امریکہ اور برطانیہ کی متعدد آئی پیز کے ذریعے کھولے جانے والے سیکورٹی چور دروازے کو بند کردیا اور ہیکروں کو اپنے اہداف میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

سائبر حملے ان دنوں فزیکل وار کی جگہ لیتے جارہے ہیں اور دنیا بھر کی حکومتوں کے لیے یہ تشویش پیدا ہوگئی ہے کہ ایسے حملے، کسی بھی ملک کی مواصلاتی، معاشی اور حیاتی خدمات کو معطل کرسکتے ہیں ۔ دوسرے الفاظ میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ وائرسوں کے ذریعے کسی بھی ملک کےنیادی نظام پر حملہ نہ صرف المناک ہوسکتا ہے بلکہ سنگین جانی اور مالی نقصانات پر بھی منتج ہوسکتا ہے۔

دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح ایران بھی سائبر حملوں کے خطرات سے دوچار ہے اور دشمنوں نے، ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام، پیٹرولیم انڈسٹریز اور سرکاری اداروں پر متعدد سائبر حملے کیے ہیں۔ جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران حالیہ برسوں کے دوران ایسے لاکھوں سائبر حملے ناکام بنا چکا ہے۔

ٹیگس