عالمی یوم القدس، ایران اور دنیا بھر کے روزہ دارعوام سڑکوں پر
آج 29 اپریل اور ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعۃ الوداع کے عنوان سے عالمی یوم القدس کے موقع پر دنیا بھر کے کروڑوں عوام ایران، فلسطین، لبنان، عراق، پاکستان، ہندوستان اور افغانستان سمیت مختلف ملکوں اور شہروں میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں ریلیوں میں شرکت کرکے مسجدالاقصی اور مقبوضہ فلسطین پر ناجائز صیہونی ریاست کی جارحیت اورغیر قانونی قبضے کی پُر زور مذمت کریں گے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف صوبوں، شہروں، اضلاع اور علاقوں سمیت دارالحکومت تہران میں مختلف ریلیوں کا اہتمام کیا گیا اوراسلامی انقلاب کے عظیم بانی حضرت امام خمینی (رح) کو ماہ رمضان کے آخری جمعے کو عالمی یوم القدس قرار دینے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حضرت امام خمینی (رح) کے مقاصد اور مظلوم فلسطینی قوم سے وفاداری کا اظہار کیا جا ئے گا۔
ایران کے مختلف شہروں میں واقع مختلف مسجدوں اور امام بارگاہوں سے یوم القدس کی ریلیوں کا آغاز ہوگا جبکہ دارالحکومت تہران کی ریلی تہران یونیورسٹی میں نماز جمعہ سے قبل اختتام پذیر ہوگی۔
ان ریلیوں کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا جس کے دوران ایرانی قوم، اسرائیل مردہ باد، ناجائز صیہونی ریاست مردہ باد اور ھیھات منا الذلہ کے نعرے لگائیں گے۔
ایران کے بہادرعوام آج بھی قدس کی ریلیوں میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے یہ پیغام دیں گے کہ وہ صرف اپنے قائد اور رہبر حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے حکم پرلبیک کہتے ہیں اور اسلامی انقلاب کے خلاف کسی بھی سازش کو اپنے اتحاد سے شکست سے دوچار کردیں گے۔
القدس ریلی کی کوریج کے لئے چار ہزار سے زائد ملکی اور غیرملکی صحافی اور نامہ نگار اس موقع پر موجود ہوں گے۔
واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (رح) نے 7 اگست 1979 میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اپنے ایک تاریخی بیان میں رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔
عالمی یوم القدس دنیا کے مسلمانوں کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کا دن ہے، یہ وہ دن ہے جس میں مسلمان، ناجائز صیہونی ریاست کے انسانیت سوز جرائم کی مذمت کرتے ہیں۔
بیت المقدس، مسلمانوں کا قبلہ اول اور دوسری مقدس مسجد، فلسطینیوں کی حقیقی سرزمین ہے جس پر صیہونیوں نے عالمی سامراجی طاقتوں کی مدد سے 1948 میں ناجائز قبضہ جمایا اور اب تک ہزاروں فلسطینیوں کو شہید اور لاکھوں کو زخمی کیا، اس کے علاوہ اب بھی صیہونی جیلوں میں ہزاروں فلسطینی بالخصوص خواتین اور بچے اسیر ہیں۔