عالم اسلام، قدس شریف کی آزادی کیلئے کسی بھی قسم کا معاملہ نہیں کرے گا: ایرانی اسپیکر
ایرانی اسپیکر نے کہا ہے کہ عالم اسلام، قدس شریف کی آزادی کیلئے کسی بھی سازش کا حصہ نہیں بنے گا اور قدس کی آزادی کا مقصد پورا ہو کر رہے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے آج صبح مجلس شورای اسلامی کے اجلاس میں عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں عوام کی بھر پور شرکت اور پر شکوہ طریقے سے عالمی یو م القدس منائے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام، قدس شریف کی آزادی کیلئے کسی بھی سازش کا حصہ نہیں بنے گا اور قدس کی آزادی کا مقصد پورا ہو کر رہے گا۔
ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ کل عالمی یو م القدس کے موقع پر مسلم امہ نے سڑکوں پر نکل کر اور فلسطین کی آزادی کیلئے جو فلک شگاف نعرے لگائے اس سے اس نے غاصب اور جارح صیہونیوں کے خلاف اپنے اتحاد و وحدت کو دکھا دیا اور ساتھ ہی دنیا بھر کے انصاف پسندوں کو دکھا دیا کہ ناسور اسرائیل کا وجود بہت جلد ختم ہونے والا ہے۔
واضح رہے کہ کل اسلامی جمہوریہ ایران، فلسطین، عراق ، شام، بحرین ، یمن، پاکستان ، ہندوستان، افغانستان اور ترکی سمیت دنیا کے کئی ممالک میں القدس ریلیاں نکالی گئیں اور غاصب صیہونی حکومت اور اس کے مجرمانہ اقدامات کی مذمت کی گئی ۔
عالمی یوم القدس کے موقع پر مظاہرین اپنے ہاتھوں میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح ، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای ، آیت اللہ العظمی سیستانی ، شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابومہدی المہندس کی تصاویر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ قدس شریف مسئلہ فلسطین کا مرکز و محور ہے جو آج "فلسطینی پرچم" کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس پرچم کو سربلند رکھنا ایک اسٹریٹجک اقدام ہے۔ قدس شریف درحقیقت طاقت اور اقتدار کی علامت ہے۔ لہذا اس بارے میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح فرماتے ہیں: "یوم القدس، اسلام کا اور تمام اسلامی ممالک کا دن ہے۔" اگر خدا نخواستہ قدس شریف پر صیہونیوں کا قبضہ ہو جاتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ وہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے خلاف جنگ میں مکمل طور پر کامیاب ہو گیا اور اگر مسلمان قدس شریف کو ایک اسلامی مقدس مقام کے طور پر محفوظ بنا لیتے ہیں اور اس پر اپنا کنٹرول برقرار رکھتے ہیں تو اس کا مطلب عالمی صہیونزم کے مقابلے میں ان کی فیصلہ کن فتح کی صورت میں لیا جائے گا۔