پانچ لاکھ سے زائد غیر ملکی بچے ایرانی اسکولوں میں زیر تعلیم
پانچ لاکھ سے زائد غیر ملکی طلبہ و طالبات ایرانی اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت تعلیم کے شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر ابوالفضل کمالی نے بتایا ہے کہ ایران کے اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے پانچ لاکھ ستائیس ہزار غیر ملکی طالبعلموں کی بڑی تعداد کا تعلق افغان مہاجرین سے ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ تعداد میں پاکستان، بنگلہ دیش، عراق اور دیگر ملکوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات بھی ایرانی اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔
ابوالفضل کمالی کا کہنا تھا کہ ایران کی وزارت تعلیم نے غیر ملکی بچوں کو مناسب تعلیمی ماحول فراہم کیا ہے اور خاص طور سے افغان مہاجرین کے بچوں کے لیے بائیس خصوصی اسکول قائم کر رکھے ہیں ۔
انہوں نے واضح کیا کہ غیر ملکی بچے خصوصی اسکولوں میں جانے کے پابند نہیں ہیں اور وہ عام اسکولوں میں بھی داخلہ لینے کے مجاز ہیں ۔ وزارت تعلیم کے مذکورہ عہدیدار کا کہنا تھا کہ حتی غیرقانونی طور پر ایران میں داخل ہونے والے افغان مہاجرین کے بچے بھی ایران کے اسکولوں میں داخلہ لے سکتے ہیں اور ان کے والدین سے کسی بھی قسم کا معاوضہ یا قانونی سفری دستاویزات بھی طلب نہیں کی جائیں گے۔
واضح رہے کہ رہبر انقلاب اسلامی ایران، چند برس قبل یہ احکامات صادر فرمائے تھے کہ ملک میں قانونی یا غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان مہاجرین کے بچے تعلیم سے محروم نہ رہیں اور اس کے لیے تمام تر اقدامات عمل میں لائے جائیں۔