تہران، ملک کا سب سے بڑا پرچم "یا حسین" لہرا دیا گیا۔ ویڈیو
محرم کے قدموں کی آہٹ سنائی دیتے ہی ساری دنیا میں ایک خاص ولولہ پیدا ہو جاتا ہے اور دنیا کے کروڑوں حریت پسند خود کو مظلوم کربلا کا غم منانے اور انکے مشن سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے تیار کرتے ہیں۔
اسی تناظر میں محرم چودہ سو چوالیس کی آمد کے پیش نظر اس سال بھی ساری دنیا موسم عزا کے لئے خود کو تیار کر رہی ہے اور یہ تیاریاں اس وقت اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے۔
کیلینڈر کے مطابق ایران میں تیس جولائی بروز ہفتہ پہلی محرم اور نئے ہجری قمری سال کا آغاز ہے۔
اسی مناسبت سے ایران میں جہاں ملکی سطح پر بڑے زور و شور سے محرم کی تیاریاں کی جا رہی ہیں وہیں دارالحکومت تہران میں ایک ہزار مربع میٹر کا پرچم یا حسین آسمان میں لہرا دیا گیا ہے۔ یہ پرچم ایران کا سب سے بڑا اور دنیا کا تیسرا سب سے بڑا پرچم ہے جس کا سائز ایک ہزار چھپن مربع میٹر ہے اور اُسے ڈیڑھ سو میٹر کی اونچائی پر نصب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین اسلام کے تحفظ کی خاطر اپنے وقت کے ڈکٹیٹر، دشمن اسلام یزید کے خلاف قیام کیا اور اس راہ میں آپ نے اپنا سب کچھ لٹا کر دین اسلام کو ابدی حیات کر دی۔ آپ نے سوئے کربلا نکلتے وقت ارشاد فرمایا تھا کہ میں فساد و ظلم بپا کرنے کے لئے قیام نہیں کر رہا بلکہ میرا مقصد امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرنا اور سیرت نبوی و علوی کو قائم کرنا ہے۔