پابندیوں کا مستقل اور پائیدار خاتمہ چاہتے ہیں: ایران
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے کہا ہے کہ مذاکرات کے حالیہ دور کا مقصد پابندیوں کا مستقل خاتمہ ہے۔
ایران کے صوبہ لرستان کے صدر مقام خرم آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف الزام تراشیوں کا خاتمہ اور دشمن سے بہانہ چھین لینا ہی مذاکرات کی اصل بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران چاہتا ہے کہ پابندیوں کا مستقل بنیادوں پر خاتمہ ہونا چاہئیے تاکہ ایرانی عوام کو اقتصادی فوائد حاصل ہوسکیں۔
واضح رہے کہ ایرانی عوام کے خلاف عائد امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے کے مقصد سے مذاکرات کا نیا دور ویانا میں شروع ہوا تھا جو آٹھ اگست کو اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس مرحلے میں مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے مذاکرات کے یورپی کوآرڈینیٹر انریکے مورا نے کچھ تجاویز پیش کی تھیں ۔ مذاکرات کے تقریبا سبھی فریق کا اس بات پر اتفاق ہے کہ اب اس سلسلے کو جلد از جلد کو وائنڈ اپ کر کے اُسے نتیجے تک پہنچانے کی ضرورت ہے مگر اب تک اس راہ میں امریکی حکام کا رویہ، انکی بے عملی اور کھوکھلے دعوے رکاوٹ کا باعث بنے رہے ہیں۔