Sep ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • دشمن طاقتیں اندازوں میں غلطی نہ کریں، ایران کا اسلامی انقلاب مستحکم ہے: وزیر داخلہ

وزیر داخلہ احمد وحیدی نے مرحومہ مہسا امینی کی موت کے معاملے کی تازہ ترین صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اب تک کئی بڑی سازشوں کو ناکام بنا چکا ہے اور اس بار بھی بلوائیوں کی حمایت کرکے دشمن کے اندازے غلط ثابت ہو رہے ہیں۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے ایران کے قومی ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں کہا کہ دشمنوں نے اپنے اندازوں کی بنیاد ایک انتہائی غلط تصور پر رکھی ہے، وہ یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ ایران میں بلوا و فساد کے ذریعے اور ہنگامہ آرائی کراکے، اسلامی نظام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے ان تخریبی کارروائیوں کو دشمنوں کی خام خیالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب کو پہلے دن سے مختلف نوعیت کی سازشوں اور دہشت گردانہ خطروں کا سامنا رہا ہے جن سے نمٹ کر اسلامی نظام نے خود کو اور بھی مضبوط و مستحکم بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلووں میں حصہ لینے والے ہوشیار ہوجائیں کہ سیکیورٹی ادارے ان کے خلاف قانونی کارروائی ضرور کریں گے۔

مرحومہ مہسا امینی کے کیس کے بارے میں پروگرام کے میزبان کے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس نوجوان لڑکی کے انتقال پر سب کو افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ویڈیو فوٹیج میں واضح طور پر دکھائی دیا ہے اور میڈیکل اور فارنزک رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ تشدد کے کوئی آثار یا نشان موجود ہی نہیں ہیں نہ ہی سر کے کسی اندرونی حصے میں کسی رگ کے پھٹنے کے آثار ہیں ۔ سر کے حصے میں بھی ٹوٹنے یا دبنے کا کوئی نشان نہیں پایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہسا امینی کے گھر والوں کی مخالفت کے باوجود بعض عناصر نے کوشش کی کہ اس مسئلے کے ذریعے عوام کے جذبات کو نظام کے خلاف بھڑکائیں جس میں سر فہرست امریکی اور یورپی عہدیدار دکھائی دے رہے ہیں ۔ 
وزیر داخلہ احمد وحیدی نے امریکیوں کی جانب سے ہمدردی کے پیغام پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام وہی لوگ ہیں جنہوں نے داوودیہ فرقے کے لوگوں کا دن دہاڑے قتل عام کیا اور اب بھی اپنے ملک امریکا میں تشدد اور وحشیگری کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے گھناؤنے کارناموں کے ساتھ یہ لوگ ایران پر تشدد کا الزام عائد کر رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ ان بلووں میں بعض ایسے یورپی ممالک کا بھی ہاتھ ہے جو اپنے ملکوں میں انسانی حقوق کو بدترین شکل میں پامال کرچکے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بعض اندرونی عناصر نے بھی مغربی ممالک، صیہونی حکومت اور سعودی عرب کے جاسوسی مراکز کا ساتھ دیا جو خود ایک رپورٹر کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے اور ایک دن میں سیکڑوں لوگوں کی گردنیں اڑانے جیسے جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ 
احمد وحیدی نے بتایا کہ کچھ ایسے لوگ بھی ہیں کہ جو ان بلوائی عناصر کے دھوکے میں آکر بلووں میں شامل ہوئے۔ وزیر داخلہ نے ایسے لوگوں کی تعداد کو بہت کم بتایا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر منظم طریقے سے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث تھے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں اس کام کے لئے مکمل ٹریننگ ملی ہے۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ گذشتہ ایام میں غیرقانونی طریقے سے ملک کے اندر ہتھیاروں کی ترسیل بھی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے سیکیورٹی اداروں نے اس جرم میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار اور بہت سے ہتھیاروں کوضبط بھی کیا ہے۔

ٹیگس