Oct ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۹:۴۲ Asia/Tehran
  • ایران: شیراز کے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت

ایران کے شہر شیراز میں حضرت احمد شاہ چراغ کے حرم مطہر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اقوام متحدہ نے سانحہ حرم شاہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی دہشت گردی کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے اپنے بیان کہا ہے کہ یہ عالمی ادارہ اس دہشت گردانہ واقعے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں اور مقدس مقامات میں دہشت گردانہ حملہ کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔
پاکستان نے بھی ایران کے شہر شیراز میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ 
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے بھی ایران کے شہر شیراز میں دہشت گردانہ حملے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ایرانی شہریوں کے قتل عام پر پاکستان کی قوم اور حکومت کی جانب سے تعزیت پیش کی اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کے عوام صدمے کی اس گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔
شام کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں ایران کے شہر شیراز میں شاہ چراغ کے حرم مطہر میں کئے جانے والے اس دہشت گردانہ اور بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس دہشت گردانہ حملے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ امریکہ کے مقابلے میں دیگر ملکوں کو دبانے اور اپنے مقاصد کے حصول کے لئے دہشت گردی واشنگٹن کا بدستور ایک سرکاری حربہ بنا ہوا ہے۔
شام کی وزارت خارجہ نے اس بیان میں ایران سے اپنی مکمل یکجہتی کا اعلان کیا اور ایران کی حکومت اور قوم خاص طور سے شہدا کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کی۔
عراق کے قومی حکمت دھڑے کے رہنما سید عمار حکیم نے بھی اپنے ایک پیغام میں ‎ایران کے شہر شیراز میں شاہ چراغ کے حرم مطہر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی جس میں عورتوں اور بچوں سمیت دسیوں افراد شہید و زخمی ہو گئے۔
اس پیغام میں سید عمار حکیم نے اس شرمناک حملے میں ہونے والی شہادتوں پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کو تعزیت پیش کی اور دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بننے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
انھوں نے اسی طرح عالمی برادری خاص طور سے دہشت گردی کے شکار ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی کی فنڈنگ کے ذرائ‏ع کو کنٹرول اور قوموں کے امن و استحکام کو تباہی سے بچانے کے لئے باہمی نیز ہمہ جہتی تعاون کریں۔ 

ٹیگس