جرمنی کی وزیر خارجہ کے بیان پر ایران کا سخت رد عمل
Nov ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۱:۱۵ Asia/Tehran
ایران کے وزیر خارجہ نے اپنی جرمن ہم منصب کے بیان پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔
سحر نیوز/دنیا: وزیر خارجہ ایران نے اپنی جرمن ہم منصب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ، اشتعال انگیز، مداخلت پسندانہ اور غیر سفارتی موقف عقلمندی کو ظاہر نہیں کرتا۔
حسین امیرعبداللہیان نے ایک ٹوئٹر پیغام میں جرمنی کی خاتون وزیر خارجہ آنالینا بربوک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی آداب کو پیش نظر رکھیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنی جرمن ہم منصب کو یاد دلایا کہ پرانے تعلقات کی تباہی کے طویل مدتی نتائج برآمد ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرمنی مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے یا تصادم کا راستہ اختیار کرنے کا انتخاب کر سکتا ہے تاہم ایران کا جواب فیصلہ کن اور مناسب ہوگا۔
واضح رہے کہ جرمنی کی وزیر خارجہ نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کے خلاف نئی پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔