یورینیم کی افزودگی میں اضافہ آئی اے ای اے کے قوانین کے مطابق ہے: ایران
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے کہا ہے کہ یورینیم کی افزودگی کا عمل آئی اے ای اے کے قوانین کے مطابق ہے۔
بورڈ آف گورنرز کی ایران مخالف قرار داد پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی کا کہنا تھا کہ سیاسی محرکات اور دباؤ نیر باہمی معاہدوں اور مذاکرات کے منافی اقدامات کا جواب بہر حال دیا جائے گا۔
محمد اسلامی کا کہنا تھا کہ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی نے نطنز اور فردو کی ایٹمی سائٹ میں یورینیم افزودہ بنانے کی گنجائش میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل آئی اے ای اے کے قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے انجام دیا گیا ہے۔
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے کہا کہ الزام تراشیاں کسی بھی چیز کا معیار اور پیمانہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا تقاضہ ہے کہ وہ دوہزار پندرہ کے معاہدے پر عملدرآمد میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ دوہزار پندرہ کے ایٹمی معاہدے سے نکل چکا ہے اور اس نے نہ فقط اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا بلکہ دیگر فریقوں کو بھی معاہدے پر عملدرآمد سے باز رکھا ہے۔