Nov ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۳:۳۱ Asia/Tehran
  • ایران علاقائی ہم آہنگی اور تعاون پر یقین رکھتا ہے، ایڈمرل شہرام ایرانی

ایرانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ ایران کا مقدس اسلامی نظام اور اسلامی انقلاب امن و دوستی کے پیغام کا حامل ہے اور علاقائی و عالمی ہم آہنگی اور تعاون پریقین رکھتا ہے۔

سحر نیوز: ایران یوم بحریہ کے موقع پر ایران پریس کے ساتھ  اپنے خصوصی انٹرویو میں ایڈمرل شہرام ایرانی کا کہنا تھا کہ ہمارے جوان پوری طاقت کے ساتھ سمندروں میں موجود ہیں اور تجارتی بحری جہازوں کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ کو یہ فخر حاصل ہے کہ اس کی موجودگی نہ صرف ملکی بحری جہازوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے بلکہ خطے کے دیگر ممالک اور دنیا کی دوسری شپنگ لائنز بھی اس سے بہرہ مند ہورہی ہیں ۔ 
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو توقع ہے کہ خطے کے دیگرممالک اپنی توانائیوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کریں گے اور سلامتی کے نام پر دہشت گردی پھیلانے والی بیرونی قوتوں کو باہر نکال کر خطے کی سلامتی اپنے ہاتھ میں لیں گے۔
ایڈمرل شہرام ایرانی کا کہنا تھا ایرانی بحریہ کی کھلے سمندروں میں موجودگی ایک جانب ایرانی قوم اور اسلامی نظام کے اقتدار کی مظہر ہے اور دوسری جانب مقامی صنعت اور ٹیکنالوجی کی برتری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی بحریہ اپنے آزاد سمندری مشن کے ذریعے یہ بتلا رہی ہے کہ اس قوم کے نوجوان، صنعتکار، سائنسدان اور ماہرین دنیا میں کسی سے کم نہیں ہیں۔ 
ایرانی بحریہ کے سربراہ نے ایران روس اور چین کی مشترکہ بحری مشقوں کے بارے میں کہا کہ بین الاقوامی سطح پر فعال اور ٹھوس کردار ادا کرنے والی فورس کی حیثیت سےایرانی بحریہ کے لیے ضروری ہے کہ دیگر ملکوں کے ساتھ بھی رابطے میں رہے۔
ایڈمرل شہرام ایرانی نے واضح کیا کہ ایران کا مقدس اسلامی نظام اور اسلامی انقلاب امن و دوستی کے پیغام کا حامل ہے اور علاقائی عالمی سطح پر ہم آہنگی اور تعاون پریقین رکھتا ہے۔ 
انہوں نے ایک بار پھر یہ بات زور دے کر کہی کہ خطے کے ممالک اپنی اندرونی توانائیوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کریں ،غیر متعلقہ قوتوں کو علاقے میں مداخلت کا موقع نہ دیں  ۔ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا کہ خطے کی سلامتی کے نام پرباہر سے آنے والی قوتیں علاقے میں دہشت گردی پھیلانے کا سبب بنتی ہیں۔ 

ٹیگس