ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے میں فوج کے کردار پر تاکید
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ ہماری فوج وطن کے دفاع میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ مکتب اسلام کی رو سے اسلامی ملک کے مجاہدین عوام کی سلامتی اور امن و سلامتی کا مستحکم قلعہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی فوج اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ہر میدان میں پیش پیش رہی ہے اور اس نے دفاع وطن اور ملک کی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
جنرل محمد باقری نے کہا کہ ایران کی فوج نے جدید ترین دفاعی ساز و سامان کی تیاری کے حوالے سے بھی کافی پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف طرح کے لڑاکا اور ڈرون طیاروں اور الیکٹرانک جنگ کے آلات کی تیاری، ایران کی مسلح افواج کے نوجوان ماہرین کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔