ایران نے سامراجی طاقتوں کے عالمی تسلط کا خواب چکناچور کردیا ، جنرل باقری
اسلامی جمہوریہ ایران نے سامراجی طاقتوں کے مفادات کو زبردست دھچکا لگا کر دنیا پر قبضہ جمانے کا ان کا خواب چکنا چور کردیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے تہران میں دفاع مقدس سے متعلق ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے سامراجی طاقتوں کے مفادات پر کاری ضرب لگائی اور دنیا پر قبضہ جمانے کے لیے ان کی تمام تر سرمایہ کاری کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی عظیم قوم کے خلاف تمام تر حربوں اور سازشوں میں ناکام ہوجانے والے دشمن نے اب اس قوم کے خلاف ہائی برڈ جنگ شروع کر دی ہے۔
میجر جنرل باقری نے کہا کہ ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ سامراجی ملکوں کے لیڈران کھل کر کسی قوم کے خلاف میدان میں اتریں اور بلوؤں اور بلوائیوں کی حمایت کا اعلان کریں ۔ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے دشمن کے ہائی برڈ جنگ کے طریقہ کار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سامراجی طاقتوں نے اس میدان میں اپنے تمام قانونی اور بین الاقوامی ہتھکنڈوں کو استعمال اور اپنے جاسوسی اور انٹیلی جنس اداروں نیز میڈیا وار کے ذریعے ہنگامے کرانے اور ایران کو بدنام کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا ہے۔