Jan ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
  • دشمن طاقتیں ایران میں مذہبی اور نسلی تفرقہ پھیلانے کی سرتوڑ کوشش کر رہی ہیں

جنرل حسین سلامی نے فرانسیسی جریدے کے توہین آمیز اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کے کارندے مسلمانوں پر نفسیاتی دباؤ ڈالنے کے لئے ان کے مقدسات کی توہین کرتے پھرتے ہیں۔

سحر نیوز/ ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر ان چیف جنرل حسین سلامی نے ایران کے سرحدی صوبے، سیستان و بلوچستان کے صدر مقام زاہدان میں اہل سنت اور اہل تشیع کے علما، مختلف قبیلوں کے سرداروں، شہیدوں کے اہل خانہ اور صوبائی منتظمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن طاقتیں ایران میں مذہبی اور نسلی تفرقہ پھیلانے کی سرتوڑ کوشش کر رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمن ہمارے ملک کو عراق، شام، افغانستان اور یمن کی طرح ویران کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں جان لینا چاہئے کہ تفرقے کا بیج بوکر خونیں جھڑپیں کروانے کا ان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام نے اپنی آگہی کا ثبوت پیش کرتے ہوئے دشمنوں کے غلط اندازوں پر پانی پھیر دیا ہے۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف تمام سازشیں ماضی کی طرح ناکام بنا دی جائیں گی۔ انہوں نے شارلی ایبدو جریدے کی جانب سے رہبرانقلاب اسلامی کی توہین کو بھی دشمنوں کی ذلالت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی دشمنوں کو مسلمانوں سے شکست ہوتی ہے تو ان کے مقدسات کی توہین کرکے، مسلم امہ پر نفسیاتی دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ٹیگس