ایرانی وزیرخارجہ اورچین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی امورکے سربراہ کی گفتگو
ایرانی وزیرخارجہ نے ایران اورچین کے سیاسی اداروں کے درمیان ایک دوسرے کو سمجھنےاوراعتماد پیدا کرنے پر زوردیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے دورہ چین کے دوران چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی امورکے سربراہ لیو جیان چاؤ سے ملاقات کی اورمختلف امورپر تبادلہ خیال کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں دونوں ممالک کے سیاسی اداروں کی صلاحتیوں اورظرفیت سے استفادہ کرتے ہوئے اسٹریٹجک اہداف کے حصول کےلئےکام کرنے پر زور دیا گیا۔
ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی امور میں وسیع پیمانے پر تعاون کی بات کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے ایرانی فلمیں جلد ہی چین کے بازار میں نمائش کےلئے پیش ہوں گی۔
چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی امور کے سربراہ نے ایران کے صدر کے دورہ چین کو بہت اہمیت کا حامل قرار دیا اورانقلاب اسلامی کی چوالیسویں سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تہران اور بیجنگ کے تعلقات علاقائی طور پر بہت موثرثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بدلتے حالات کا مشاہدہ کررہی ہے جن کی گزشتہ سو سال میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں طاقت کا توازن بدل رہا ہے اور دنیا کے چند ممالک کے دوسروں کے فیصلے کرنے کا زمانہ ختم ہوگیا ہے، ابھی بھی مغربی ممالک اپنے تسلط کو ختم کرنے کےلئے آمادہ نہیں ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اس طرح سے دوسرے ممالک خصوصا ایران اورچین کی ترقی کا راستہ روک سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین دونوں ممالک کے باہمی احترام اور ارضی سالمیت پر تاکید کرتا ہے اور دوسرے ممالک کے ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی مزمت کرتا ہےاورغیرقانونی پابندیوں کے خاتمے پر زوردیتا ہے۔