Feb ۲۳, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۴ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کیلئے عالمی برادری فوری اقدام کرے: ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے قدس کی غاصب و جابر صہیونی حکومت کے ہاتھوں نابلس کے عوام کے وحشیانہ قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے اور اس کی مذمت کے لیے فوری طور پر بین الاقوامی اقدامات کا مطالبہ کیا۔

سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے مغربی کنارے کے شہر نابلس پر قابض صہیونی دہشتگردوں کے وحشیانہ اور دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں 11 نہتے فلسطینی شہید اور 102 زخمی ہوگئے۔

انہوں نے صہیونی غاصب حکومت اور اس کی نسل پرست اور انتہا پسند کابینہ کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے اور اس کی مذمت کے لیے عالمی برادری سے فوری قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

ناصر کنعانی نے مغربی کنارے میں گذشتہ چند مہینوں کے دوران صیہونیوں کی مجرمانہ اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے تسلسل اور اس میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس خطرناک عمل کے جاری رہنے کی ذمہ داری بین الاقوامی اداروں اور انسانی حقوق کے جھوٹے دعویدار مغربی ممالک پر عائد ہوتی ہے جن کی خاموشی و بے حسی کے سائے میںیہ سب کچھ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے مغربی ممالک کا کردار ناقابل برداشت اور ان کے لیے باعث شرم ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیت المقدس، جنین، نابلس اور مقبوضہ فلسطین کے تمام علاقوں میں عوام خصوصا فلسطینی نوجوانوں کی بہادرانہ مزاحمت کو سراہتے ہوئے فلسطینی قوم کی حمایت اور صیہونی نسل پرست ریاست کے انسانیت سوز اور دہشت گردانہ اقدامات کے خلاف، اسلامی حکومتوں کے درمیان اتحاد اور ان کیجانب سے لازمی اقدامات کرنے پر زور دیا۔

ٹیگس