Mar ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۶:۱۷ Asia/Tehran
  • انسٹیکس کی بندش یورپی ملکوں کی ناکامی ہے، ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خصوصی مالیاتی نظام انسٹیکس کی بندش کو یورپی ملکوں میں ضروری عزم و اردادے کے فقدان کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

سحر نوز/ ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے جمعے کو تہران میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی غیر قانونی علیحدگی کے بعد یورپی ملکوں نے اس معاہدے کے تحت ایران کے اقتصادی مفادات پورے کرنے کی غرض سے ضروری میکینزم قائم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ تہران نے پوری نیک نیتی کے ساتھ مذکورہ مالیاتی نظام کو فعال بنانے کے لیے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا البتہ انہوں نے واضح کیا کہ ایران نے کبھی انسٹیکس سے اپنی توقعات بھی وابستہ نہیں رکھیں۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ مغربی ممالک دیگر وعدہ خلافیوں کے ساتھ ساتھ، انسٹیکس کو موثر طریقے سے آگے بڑھانے میں بھی ناکام رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ملکوں نے ایٹمی معاہدے کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کے باجود انسٹیکس کو فعال بنانے کے لیے بھی لازمی اقدامات انجام نہیں دیئے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی ملکوں نے انسٹیکس کے قیام سے لیکر اس کے خاتمے کے اعلان تک نہ تو مالی ذرائع فراہم کیے اور نہ ہی طویل المدت کریڈیٹ لائن مہیا کی۔
دس ممالک بیلجیم، جرمنی، فن لینڈ، ڈینمارک، فرانس، ہالینڈ، ناروے ، اسپین، سوئیڈن اور برطانیہ انسٹیکس کے حصہ دار ممالک تھے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم نے پہلے ہی دن سے انسٹیکس سے خود کو وابستہ نہیں رکھا اور دوسرے مالیاتی چینلوں کے ذریعے بین الاقوامی تجارت کرتے رہے۔
ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ انسٹیکس کی بندش کے اعلامیہ میں ایران کو قصوروار ٹھہرانا دراصل اس حقیقت کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے کہ یورپ مالیاتی لحاظ سے بھی خود مختار نہیں بلکہ پوری طرح امریکہ سے وابستہ ہے۔
واضح رہے کہ یورپی ممالک نے امریکی پابندیوں کے دوران ایران کے لیے تجارت کو آسان بنانے کی غرض سے انسٹیکس کے نام سے جو مالیاتی نظام قائم کیا تھا اسے بند کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
یورپی ملکوں کے عہدیدار بارہا اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ پرائیویٹ کمپنیوں کو کسی بھی ملک کےساتھ تجارت پر مجبور نہیں کیا جاسکتا لہذا انسٹیکس کا قیام محض نمائشی بن کر رہ گیا ہے۔
ایران کے ساتھ تجارتی لین دین کے لیے قائم خصوصی مالیاتی نظام کا قیام جنوری دوہزار انیس میں عمل میں لایا گیا تھا لیکن آج تک اسے فعال نہیں بنایا جاسکا اور سوائے ایک بار، اس نظام سے کوئی مالی لین دین انجام نہیں پایا۔

ٹیگس