Mar ۱۱, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran
  • تہران، یاسین ٹریننگ جیٹ کی پروڈکشن لائن کا افتتاح

آج وزارت دفاع نے مکمل طور پر ملک میں تیار شدہ ٹریننگ جیٹ طیارے، یاسین، کی رونمائی کی۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع جنرل محمد رضا آشتیانی نے آج یاسین نام کے فوجی ٹریننگ جیٹ کے پیداواری نمونے کی رونمائی کی جو کہ جیٹ فائٹر طیاروں کے پائلٹ کی ٹریننگ کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے یاسین ٹریننگ جیٹ کی پروڈکشن لائن کا بھی افتتاح کیا۔
وزیر دفاع جنرل محمد رضا آشتیانی نے اس موقع پر کہا کہ یاسین ٹریننگ جیٹ کو کم مسافت تک پرواز کرنے والے لڑاکا طیارے کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
جنرل آشتیانی نے کہا کہ یہ جیٹ طیارہ مکمل طور پر ایران میں ڈیزائن اور بنایا گیا ہے۔
اس موقع پر فضائیہ کے کمانڈر ان چیف جنرل حمید واحدی نے بھی کہا کہ اس سے قبل جیٹ فائٹر ٹریننگ کے لئے پائلٹس کو دوسرے ممالک روانہ کیا جاتا تھا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف عائد پابندیوں کے نتیجے میں یہ شعبہ بہت زیادہ متاثر ہوا تھا۔ 
جنرل حمید واحدی نے کہا کہ یاسین ٹریننگ جیٹ کو فضائیہ کی فلیٹ میں شامل کرکے ٹریننگ کی مدت کو کم اور معیار کو مزید بڑھایا جا سکے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اس وقت دنیا کے کئی ممالک میں ٹریننگ جیٹ ایئرکرافٹ تیار کئے جانے کے باوجود ان طیاروں کے ایویانک سسٹم اور انجن پر چند گنی چنی کمپنیوں کی اجارہ داری ہے جسے ایرانی ماہرین نے ختم کرتے ہوئے اس طیارے کے تمام اجزا ملک کے اندر تیار کئے ہیں۔
فضائیہ کے سربراہ نے اعلان کیا کہ ایران اس نوعیت کے طیارے  بنانے میں مکمل طور پر خودکفیل ہوچکا ہے۔
یاد رہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے اکتیس اگست سن دو ہزار سولہ کو وزارت دفاع کے اعلی عہدے داروں اور ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے دفاع اور حملے کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کو ایران کا مسلمہ حق قرار دیا تھا۔ 
قابل ذکر ہے کہ ایران کی دفاعی حکمت عملی دشمنوں کو کسی بھی نوعیت کے حملے سے باز رکھنے پر استوار ہے۔ جس کے لئے فوجی اور اسلحہ جاتی میدان میں طاقت ور ہونا انتہائی ضروری ہے۔ 
یہ ایسی حالت میں ہے کہ ایران کے بجٹ میں دفاعی اخراجات کا حصہ علاقے کے ممالک کے مقابلے میں بہت کم  ہے۔  
 

ٹیگس