آبادان ریفائنری کے دوسرے فیز کا افتتاح؛ ایران کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت: صدر رئیسی
صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے ایران کے صوبہ خوزستان میں آبادان ریفائنری کے دوسرے فیز کا افتتاح کردیا۔
سحرنیوز/ایران: صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ آبادان ریفائنری میں توسیعی منصوبے کا افتتاح ایرانی ماہرین کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اور برطانوی، پچاس سال قبل یہ سمجھ بیٹھے تھے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی پر انہیں کی اجارہ داری قائم ہے، اسی لئے وہ دوسری اقوام کی تذلیل کرکے انہیں حقارت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
صدر مملکت رئیسی نے کہا کہ ایرانی ماہرین اور انجنیئروں نے نہ صرف ملک کے اندر پیٹرولیم اور دیگر شعبوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں بلکہ وینزویلا اور لاطینی امریکہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں اسلامی جمہوریہ ایران کے عزم، ارادے اور مہارت کا لوہا بھی منوا لیا۔
انہوں نے آبادان ریفائنری کے دوسرے فیز کے افتتاح کے بارے میں کہا کہ یہ کامیابی ایسی حالت میں حاصل ہوئی کہ جب ایران پر مختلف قسم کی شدید ترین پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ آبادان ریفائنری کے اس نئے فیز کے افتتاح کے بعد، روزانہ پانچ لاکھ بیرل تیل کو صاف کرکے مختلف پیٹرولیم مصنوعات میں تبدیل کیا جائے گا جو کہ ایران کے تیل کی مجموعی پیداوار کے پچیس فیصد پر مشتمل ہے۔