ایران بھر میں آج یوم اسلامی جمہوریہ ایران قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
آج ایران بھر میں یوم اسلامی جمہوریہ منایا جا رہا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: یکم اپریل سن انیس سو اناسی کو ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے محض دو مہینے کے اندر، بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے حکم پر ایک ریفرینڈم کرایا گیا جس کے تحت ایرانی عوام کے سامنے اسلامی جمہوریہ نظام یا کسی دوسرے نظام کا سوال پیش کیا گیا جس میں اٹھانوے فیصد رائے دہندگان نے اسلامی جمہوریہ نظام کے حق میں ووٹ دیکر ایک نئی تاریخ رقم کردی ۔
اس دن کی یاد میں ایران بھر میں اسلامی جمہوریہ ایران کا پرچم جگہ جگہ نصب اور لہرایا جاتا ہے اور دارالحکومت تہران سمیت ایران کے ہر شہر اور قصبے میں خصوصی اور شاندار پروگراموں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ ایرانی عوام اس دن، بانی انقلاب اور اسلامی جمہوریہ نظام کے اقدار سے تجدید عہد کرتے ہوئے اس نظام کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔
قابل ذکر ہے کہ مختلف قومی اداروں اور تنظیموں کے جانب سے بھی اس موقع پر خصوصی پیغامات جاری کئے جاتے ہیں۔ اس سال بھی عالمی اداروں اور تنظیموں نے اس دن کی مناسبت سے ایران کے صدر کے نام تہنیتی پیغامات ارسال کئے۔
عالم اسلام کے پچپن ممالک پر مشتمل تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم آئیسیسکو کے سربراہ سالم محمد المالک نے بھی اس موقع پر صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی کے نام مراسلے میں یوم اسلامی جمہوریہ کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی اور اسلامی ممالک کے اتحاد پر زور دیا۔ قابل ذکر ہے کہ آئیسیسکو تنظیم اسلامی تعاون تنظیم کا ایک ذیلی ادارہ ہے جس کا ہیڈکوارٹر مراکش میں واقع ہے۔