ایران کی برّی فوج ہر میدان میں فاتح بن کر نکلے گی: برّی فوج کے سربراہ جنرل کیومرث حیدری
برّی افواج کے کمانڈر ان چیف جنرل کیومرث حیدری نے اعلان کیا ہے کہ بہت جلد ایران کی برّی فوج کی جنگی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
سحرنیوز/ایران: تہران میں مقیم پینتیس اتحادی اور دوست ممالک کے فوجی اتاشیوں سے ملاقات کے دوران بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری نے بتایا کہ ایران کی برّی فوج کی رفتار اور تحرک، اور بھی تیز اور جنگ اور حملے کی صلاحیت میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقی بہت جلد دکھائی دے گی جس سے ایران کی فوج، ہر میدان میں فاتح بن کر نکلے گی۔
بری فوج کے سربراہ نے بتایا کہ اسمارٹ ہتھیار، دقیق مار کرنے والے میزائل اور راکٹ، ترقی یافتہ جنگی اور جاسوسی ڈرون طیارے اور اینٹی ٹینک اسلحہ اور اپ گریڈ شدہ ہیلی کاپٹر، دشمنوں کے مقابلے میں مسلح افواج کی حکمت عملی کا محض ایک ایسا حصہ ہیں جنہیں منظر عام پر لایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج دوست ممالک کے شانہ بشانہ علاقائی اور عالمی سلامتی کی ضمانت فراہم کرنے اور اتحادی ممالک کے ساتھ مشترکہ دفاعی، جنگی اور ٹریننگ منصوبوں پر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔