May ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۱ Asia/Tehran
  • مغربی ممالک دہشت گرد گروہوں کے لیے پرامن جنت میں تبدیل ہو چکے ہیں: کاظم غریب آبادی

کاظم غریب آبادی نے مغربی ملکوں کو دہشت گرد گروہوں کے لیے پرامن جنت قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے ادارہ انسانی حقوق کے سیکریٹری کاظم غریب آبادی نے تہران میں مشرقی آشوری چرچ کے عالمی رہنما پیٹریارک مار آوا سے ملاقات میں کہا کہ ایرانی عوام قتل اور دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ایسے وقت میں کہ جب مغربی ممالک دہشت گرد گروہوں کے لیے ایک پرامن جنت میں تبدیل ہو چکے ہیں، وہ ایران پر دہشت گرد گروہوں کی حمایت کا الزام لگا رہے ہیں ۔

انیس سو اناسی میں ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے اب تک سترہ ہزار سے زائد ایرانی شہری اور عہدیدار منافقین کے دہشت گرد گروہ ایم کے او اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں۔

امریکہ نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی ابتدا سے ہی دہشت گرد گروہوں کو اپنی مالی اور سیاسی حمایت کی چھتری تلے لے لیا تھا اور اس نے ایرانی عوام کے خلاف ان کے دہشت گردانہ اقدامات کی بھرپور حمایت کی ۔ ایران کے ادارہ انسانی حقوق کے سیکریٹری کاظم غریب آبادی نے ایران کے بےگناہ عوام کے خلاف مغربی ممالک کی جانب سے عائد کی جانے والی ظالمانہ پاببندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایک خودمختار ملک ہے اور اس نے کسی ملک پر حملہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی کسی ملک کا حق ضائع کیا ہے لیکن مغرب والے ایرانی عوام کے خلاف یکطرفہ پابندیاں عائد کر کے انسانی حقوق کی وسیع خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

مشرقی آشوری چرچ کے عالمی رہنما پیٹریارک مار آوا نے بھی اس ملاقات میں ایرانیوں کی مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام اور دین مسیحیت دونوں انسانی عزت و کرامت اور انسانی حقوق پر زور دیتے ہیں، آشوری ایران کا ایک حصہ اور ایران کے سچے اور وفادار فرزند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج انسانی حقوق اور آزادی کے مفہوم کو بین الاقوامی اداروں میں صحیح طور پر نہیں سمجھا گیا ہے، اس آزادی کی مغربی ملکوں میں غلط تعریف کی گئی ہے۔

ٹیگس