عراق کی قومی سلامتی کے مشیرکا دورہ تہران
ایران کی قومی سلامتی کے ادارے کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان نے عراق کی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی سےملاقات کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: پیر کے روز تہران میں ہونے والی اس ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ گذشتہ دنوں دونوں ملکوں کے مابین ہونے والے سیکورٹی سمجھوتے کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی اکبر احمدیان نے کہا کہ ایران اور عراق نے دہشت گردی اور بدامنی کا خاتمہ کرنے کی راہ میں بڑی بڑی قربانیاں پیش کی ہیں جسے ہرگز بھلایا نہیں جاسکتا ہے۔
انہوں نے شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس کو ایثار کے اس مشترکہ جذبہ کا بہترین نمونہ قرار دیا ۔ علی اکبر احمدیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام ممالک بالخصوص عراق جیسے دوست اور برادر ملک کے ساتھ وسیع اور جامع تعلقات کا خواہاں اور اس پالیسی کو سرانجام تک پہنچانے کے لئے ہر طرح کے تعاون کے لئے بھی تیار ہے۔
اس موقع پر عراق کی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی نے بھی زور دیکر کہا کہ عراق کی قیادت ماضی کی طرح تمام شعبوں میں تہران کے ساتھ تعاون اور قریبی تعلقات برقرار رکھنے کی خواہاں ہے ۔ انہوں نے تہران اور بغداد کے تعلقات کو انتہائی عمدہ بتایا اور ایران کی سلامتی کو عراق کی سلامتی کے مترادف قرار دیا۔