ترکیہ؛ ایتھلیٹکس کے بین الاقوامی مقابلے اختتام پذیر، ایران کو 5 تمغے
ترکی میں ایتھلیٹکس کے بین الاقوامی مقابلے ختم ہو گئے جن میں ایران نے پانچ میڈل جیت لیے۔
سحر نیوز/ایران: ترکیہ کے شہر ارض روم میں اتھلیٹکس کے بین الاقوامی مقابلے ختم ہو گئے جن میں ایران نے سونے کے چار اور کانسی کا ایک تمغہ جیت لیا۔
ایران کے ایتھلیٹ رضا بحرینی نے ایک سو دس میٹر کی ہرڈل ریس میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے یہ فاصلہ چودہ اعشاریہ ایک چار سیکنڈ میں طے کیا۔ ایران کی خاتون اتھلیٹ فاطمہ محیطی زادہ نے سو میٹر کی ہرڈل ریس میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ انھوں نے سو میٹر کا فاصلہ چودہ اعشاریہ نو سیکنڈ میں طے کیا۔
ایران کے ایتھلیٹ میلاد ناصح جہانی نے چار سو میٹر کا فاصلہ چھیالیس اعشاریہ چھے پانچ سیکنڈ میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی اور گولڈ میڈل کے حق دار قرار پائے۔
دوسری جانب ایران کی خاتون ایتھلیٹس شہلا محمودی نے چار سو میٹر اور حمیدہ اسماعیل نژاد نے سو میٹر کی ریس میں سونے کے تمغے اپنے نام کئے۔