Jun ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۴ Asia/Tehran
  • ایران قبائلی سیاحت میں دنیا میں تیسرے نمبر پر

ایران کی ثقافتی میراث، سیاحت اور دستکاری کی وزارت کے داخلی سیاحت کے شعبے کے انچارج سیدمصطفی فاطمی نے کہا ہے کہ ایران قبائلی اور خانہ بدوش سیاحت کے ٹور کے حوالے سے دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سید مصطفی فاطمی نے کہا ہے کہ قبائل اور خانہ بدوش اقوام کے تنوع میں ایران دنیا میں پہلے نمبر پر ہے اور قبائل کی اگر بات کی جائے تو ایران آٹھ اصلی اقوام اور سو سے زائد متفرق اور ذیلی اقوام کے ساتھ قبائل اور خانہ بدوش سیاحت کے ٹور کے حوالے سے دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔

انھوں نے کہا کہ غیرملکی سیاح قبائلی اور خانہ بدوش سیاحت میں زیادہ تر ان کے کھانوں اور کوچ میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے زیادہ تر سیاحتی ٹور زاگرس کے دامن کوہ اور خوزستان، مشرقی اور مغربی آذربائیجان صوبوں میں انجام پاتے ہیں ۔ سید مصطفی فاطمی کا کہنا تھا کہ ایران میں قبائلی اور خانہ بدوش اقوام کا تنوع بہت زیادہ ہے جیسے قشقائی، شاہسون اور بلوچ قبیلے کہ جو قبائلی سیاحت میں ایک مختلف تجربہ ہے اور یہ تنوع دوسرے ملکوں میں بہت ہی محدود ہے۔

ایران متنوع نسلی آبادیوں والی سرزمین ہے، اور یہ مختلف نسلوں اور اقوام کا ایک خوبصورت مجموعہ ہے۔

اس منفرد اور کم نظیر تنوع کو ایران کی سرزمین کی قدیم تاریخ کے ایک مضبوط نقطے کے طور پر یاد کیا جاتا ہے اور ایرانی تاریخ کے تمام ادوار میں مختلف اقوام اور نسلوں نے ایک دوسرے کے ساتھ پرامن زندگی گزاری ہے اور اس مضبوط اور گہرے رابطے اور تعلق کا ماحصل اس سرزمین میں موجود امن و امان ، ترقی و پیشرفت اور استقلال و خودمختاری ہے۔

ٹیگس