Jul ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۸:۲۲ Asia/Tehran
  • منافقین کی دہشت گرد تنظیم ایم کے او اٹلی میں نیا اڈہ تلاش کرنے میں مصروف

ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم ایم کے او اٹلی میں اپنا نیا اڈہ تلاش کررہی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن  شہریار حیدری نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہ ایم کے او کو دہشت گردانہ ماضی کی وجہ سے عراق سے نکالا گیا جس کے بعد اس نے البانیہ میں پناہ لی لیکن البانیہ نے بھی اس دہشت گرد گروہ سے واقفیت کی بناء پر کچھ شرطوں کے ساتھ اسے پناہ دی تھی لیکن ان لوگوں نے شرطوں کا لحاظ نہیں کیا جس کے بعد البانیہ کی پولیس نے ان کے خلاف کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایسے میں ہے کہ اس دہشت گرد گروہ کی حقیقت یورپ سمیت پوری دنیا کے تمام ملکوں کے لئے واضح ہے لیکن اس کے باوجود اٹلی کی پارلیمنٹ نے اس دہشت گرد گروہ کے سرغنہ کے ساتھ نشست کا انعقاد کیا جس کی اسلامی جمہوریہ ایران مذمت کرتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن نے کہا کہ اٹلی کی پارلیمنٹ نے اپنی اس حرکت سے یہ ثابت کر دیا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے ان کے دعوے جھوٹے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہ ایم کے او البانیہ میں ہوئی اپنی ذلت کو داغ مٹانا چاہتا ہے اور اٹلی کے کچھ اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ یہ نشست ایسے حالات میں منعقد ہوئی کہ جب یہ گروہ بکھر چکا ہے اور اس طرح کی سیاسی حرکتوں سے پھر سے سرگرم ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔

واضح رہے بدنام زمانہ  دہشت گرد گروہ ایم کے او کے سرغنہ کے ساتھ  اٹلی کے کچھ اراکین پارلمینٹ کی پارلیمنٹ میں  نشست کے بعد ایران میں اٹلی کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گيا ۔

ٹیگس