Jul ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • ایران میں  شب عاشورکی عزاداری

ایران بھر میں شب عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران میں آج جمعرات کی رات شب عاشور ہے اور اسی مناسبت سے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

مساجد، امام باگارہوں اور دوسرے مقدس مقامات پر مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے جہاں علمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈال رہے ہیں اور آپ کے فضائل و مصائب بیان  کر رہے ہیں۔

 ایران کے تمام شہروں میں جلوس ہائے عزا برآمد کئے جا رہے ہیں ۔ جن میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزادار نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر رہے ہیں۔

 مشہد مقدس میں نکالے جانے والے جلوس ہائے عزا حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس اور قم المقدس میں نکالے جانے والے جلوس ہائے عزا حضرت فاطمہ معصومہ علیھا السلام کے روضے کی جانب بڑھ رہے ہیں جلوس ہائے عزا کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا۔

دنیا کے دوسرے ممالک سے بھی حضرت امام حسین علیہ السلام کے غم میں برپا ہونے والی مجالس اور جلوس ہائے عزا کی رپورٹیں موصول ہو رہی ہیں ۔ عراق سے ملنے والے رپورٹ کے مطابق لاکھوں عزادار اس وقت کربلائے معلی میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت ابوالفضل العباس علمدار کربلا علیہ السلام کے روضہ اقدس کے پاس عزاداری کر رہے ہیں۔

ٹیگس