خطے میں امریکی فوجیوں کی موجودگی بدامنی کا باعث: ایرانی وزارت خارجہ
ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں یوم صحافت پر شہید نامہ نگاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صحافیوں کو اس دن کی مبارکباد پیش کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ خلیج فارس اور بحیرۂ عمان میں سیکورٹی اسلامی جمہوریہ ایران کی ترجیحات میں سے ہے اور اس علاقے میں سیکورٹی خلیج فارس کے ساحلی ملکوں کے باہمی تعاون سے یقینی بنائی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک غیر ملکیوں کی مداخلت کے بغیر اس علاقے کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ علاقے میں امریکی فوجیوں کی موجودگی سے امن و امان قائم نہیں ہوتا کیونکہ ان کے مفادات علاقے میں بد امنی اور عدم استحکام سے وابستہ ہيں، اس سلسلے میں ہمارا موقف پوری طرح سے واضح ہے اور ہماری نظر میں خلیج فارس کے ساحلی ممالک اس علاقے میں سیکورٹی قائم کرنے کی پوری طرح سے صلاحیت رکھتے ہيں اس لئے اس علاقے میں کسی بھی غیر ملکی کی کوئی ضرورت نہيں ہے۔
انہوں نے یوکرین کے بحران کے بارے میں کہا کہ ایران کے لئے یہ اہم ہے کہ یوکرین کا بحران، عالمی امن و امان کے لئے خطرہ نہ بننے پائے اسی لئے ایران نے ہمیشہ سفارتی راہ حل پر زور دیا اور اس راستے سے جنگ ختم کرنے کی کافی کوشش بھی کی۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ مغرب یوکرین کی جنگ کو اپنے ہتھیاروں کے تجربہ کے لئے سنہری موقع سمجھ رہا ہے اور ایک فریق کو بے تحاشا مسلح کر رہا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ کے حالیہ دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستانی حکام کی دعوت پر ہوا اور اس دورے کے اہم اہداف میں، دونوں ملکوں کے سربراہوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کی تازہ صورت حال کا جائزہ لینا تھا نیز اس دورے میں دونوں ملکوں کے درمیان بہت اچھے معاہدے ہوئے ہيں۔