Aug ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۴۷ Asia/Tehran
  • ایران میں ایک ہی سڑک پرمساجد،عیسائیوں اوریہودیوں کے عبادت خانوں کی موجودگی وحدت و اتحاد کی  بڑی نشانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر ارومیہ میں مشترکہ اقدارتک رسائی کے زیر عنوان اسلامی تعاون کا تیسرا وحدت اسلامی علاقائی اجلاس شروع ہوگیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: وحدت اسلامی علاقائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مغربی آذربائیجان میں ولی فقیہ کے نمائندے  حجت الاسلام والمسلمین سید مہدی قریشی نے کہا کہ  مغربی آذربائیجان میں مختلف اقوام اور ادیان کے لوگ کسی مشکل کے بغیرنہایت آرام و سکون سے زندگی گزار رہے ہیں اور یہ اس علاقے میں اقوام اور ادیان کی قوس قزح کے نعرے کا حقیقی مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے قریب اورایک سڑک پر مساجد، عیسائیوں اوریہودیوں کے عبادت خانوں اور تکاب میں زرتشتیوں کے سب سے بڑے آتش کدے کا وجود اس صوبے میں وحدت و اتحاد کی نشانیوں میں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رح) اور رہبر انقلاب اسلامی نے ہمیشہ اپنے خطابات میں وحدت اسلامی کے تحفظ اور مسلمانوں کے درمیان تفرقے اور اختلاف سے دوری پر زور دیا ہے۔

انجمن تقریب مذاہب اسلامی کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین حمید شہریاری نے اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیسرے وحدت اسلامی علاقائی اجلاس میں گفتگو کے تناظر میں اسلامی تعاون تشکیل پائے گا تا کہ مختلف مذاہب اور اقوام کے درمیان تفرقہ اور اختلاف ڈالنے کی دشمنوں کی سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ایک بار پھر دکھا دیا جائیگا کہ ایران میں مختلف اقوام پرامن بقائے باہمی کے تحت زندگی گزار رہی ہیں۔

واضح رہے کہ وحدت اسلامی علاقائی اجلاس میں ایران، روس، ترکیہ، شام، جارجیا اورعراق سے تعلق رکھنے والے مختلف مذاہب کے علما اور دانشور شرکت کر رہے ہیں۔

ٹیگس