Aug ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۲:۰۲ Asia/Tehran
  •  ایران برکس کا مستقل رکن بن گیا

ایرانی صدر کے دفتر کے سکریٹری محمد جمشیدی نے "برکس" گروپ میں ایران کی مستقل رکنیت کی خبر دی ہے-

سحرنیوز/ایران: برکس رکن ممالک کے سربراہوں کے بیان میں اعلان کیا گیا ہے کہ ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر، ارجنٹائن اور ایتھوپیا کی اس گروپ میں شمولیت کی درخواست قبول کر لی گئی ہے اور ان ممالک کی مکمل رکنیت کا آغاز جنوری 2024 سے ہوجائے گا- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آج (جمعرات) جنوبی افریقہ کے شہر پریٹوریا پہنچ گئے۔ ایرانی صدر کے دفتر کے سکریٹری محمد جمشیدی نے بھی ایک ٹویٹ میں برکس میں ایران کی مستقل رکنیت کا اعلان کیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، "محمد جمشیدی" نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ عالمی سطح پر ابھرتی ہوئی معیشتوں کے گروپ میں ایران کی مستقل رکنیت، اسلامی جمہوریہ کی خارجہ پالیسی کے لیے ایک تاریخ ساز پیش رفت اور اسٹریٹیجک کامیابی ہے۔ محمد جمشیدی نے اس کامیابی پر رہبر انقلاب اسلامی اور ایران کی قابل فخر قوم کو مبارک باد پیش کی۔

صدر مملکت ابراہیم رئیسی کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت جنوبی افریقہ کے صدر سریل رامافوزا نے دی تھی۔ رپورٹ کے مطابق ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی اپنے جنوبی افریقہ دورے میں برکس اجلاس میں خطاب کےعلاوہ 70 ممالک سے آئے اعلی سطحی حکام اور صدور سے بھی ملاقاتیں بھی کریں گے۔

برکس گروپ دنیا کی پانچ ابھرتی ہوئی اقتصادی طاقتوں برازیل، روس، چین، بھارت اور جنوبی افریقہ کے تعاون سے تشکیل دیا گیا تھا، جس کا مقصد امریکہ کی یکطرفہ پسندی کا مقابلہ کرنا تھا

 

 

ٹیگس