Oct ۱۶, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۶ Asia/Tehran
  • غزہ کی صورتحال انتہائی دردناک، ہر طرف لاشیں ہی لاشیں، انسانی حقوق کے جھوٹے دعویداروں کا چہرہ  بے نقاب

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ صیہونی حکومت کی وحشیانہ کارروائیاں جاری رہنے کی صورت میں علاقے کے حالات بدتر اور کنٹرول سے خارج ہوسکتے ہيں۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں مقبوضہ سرزمینوں کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ میں بہت دردناک صورتحال کا مشاہدہ کر رہے ہيں اور شہریوں اور غیر فوجیوں پر صیہونیوں کے وحشیانہ حملے ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہيں ۔ انہوں نے کہا کہ آج صیہونیوں کو، فلسطینیوں پر برسوں سے ڈھائے جانے والے مظالم کے نتیجے میں، فلسطینیوں کے فطری ردعمل کا سامنا ہے اور آج فلسطینی دنیا کی مظلوم ترین قوم ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ آج فلسطینیوں کی مظلومیت و شجاعت کو فلسطین کے بچوں کے خون سے آلودہ چہروں میں مشاہدہ کیا جا سکتا ہے اور آج انسانی حقوق کے جھوٹے دعویداروں کے نفاق بھرے چہرے ہمشیہ سے زیادہ نمایاں طور پر ابھر کر سامنے آگئے ہيں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت عالمی یوم خوراک منا رہے ہیں جبکہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ صیہونیوں نے فلسطین کے مظلوم بچوں کو ان کی ابتدائی ضروریات سے بھی محروم کر رکھا ہے ۔ صیہونی فوج اپنی تمام تر توانائی ایک مظلوم اور محاصرہ شدہ عوام کے خلاف استعمال کر رہی ہے۔

ناصرکنعانی نے غزہ کے حالیہ واقعات کو ایک جنگی جرم قرار دیا اور کہا کہ اس وقت سب سے اہم ضرورت غزہ کے خلاف صیہونیوں کی جارحیتوں کا خاتمہ ہے۔

ٹیگس