شاہراہ ریشم میں ایران کی منفرد حیثیت
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر محمد مخبر نے شاہراہ ریشم میں ایران کی حیثیت کو منفرد قراردیا اور عالمی تجارت کی تقویت کے لئے ایران کی تجاویز پر روشنی ڈالی۔
سحر نیوز/ ایران: شنگھائی سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ یران کے نائب صدر محمد مخبر نے اتوار کی صبح چینی درآمدات کی چھٹی اکسپو کی افتتاحیہ تقریب سے خطاب میں پہلے غزہ کی صورتحال کی طرف اشارہ کیا اور دس ہزار سے زیادہ نہتے اور بے گناہ فلسطینی عوام کے قتل عام کی مذمت کی ۔انھوں نے کہا کہ غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جنگی جرائم کو رکوانے کے لئے بین الاقوامی اداروں کو زیادہ کوشش کرنی چاہئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے اپنے خطاب میں دنیا کے معاشی اور اقتصادی حالات کا ذکر کرتے ہوئے، عالمی تجارت کی تقویت کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی تجاویز پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ انھوں نے عالمی تجارتی نظام کی تقویت کے لئے ملکوں کی جانب سے اپنی اندرونی گنجائشوں سے بقیہ دنیا کو باخبرکرنے، بین الاقوامی تجارتی قوانین کی تنظیم میں کثیر فریقی مشارکت، عالمی تجارتی نظام کی ہمہ گیر توسیع، اںڈسٹیریل چین کے استحکام اورتحفظ، الیکٹرانک تجارت میں توسیع اور ماڈرن لاجسٹک سسٹم کی تجاویز پیش کیں۔
محمد مخبر نے اپنے خطاب میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ممتازجغرافیائی پوزیشن، قدرتی ذخائر، نوجوان اور توانا افرادی قوت، موسمیاتی تنوع اور سائنس و ٹیکنالوجی میں پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے سبھی ملکوں کو ایران میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔