غزہ کی خواتین دنیا کی تاریخ میں سب سے زیادہ صابر اور ثابت قدم خواتین
ایران کی نائب صدر نے غزہ کی طالبات کو ایران کی یونیورسٹیوں میں تعلیم دینے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلےمیں غزہ کی تین طالبات کو ہمدان کی بوعلی سینا یونیورسٹی میں اسکالرشپ دی جائے گی۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی نائب صدر انسیہ خز علی نے ہمدان کی بوعلی سینا یونیورسٹی میں ایرانی خواتین کے بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی یونیورسٹیوں میں غیر ملکی طالبات کو داخلہ دینے سے دوسرے ممالک میں اسلامی ایرانی ثقافت منتقل ہو سکتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی نائب صدر انسیہ خز علی نے صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ پٹی میں فلسطینی خواتین اور بچوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کے دعویداروں کی جانب سے ان مظالم کے خلاف عملی طور پر کوئی اقدام دیکھنے میں نہیں آ رہا ہے۔
انسیہ خز علی نے ہمدان کی بوعلی سینا یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والی غیر ملکی طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے حصول علم اور بصیرت کے لئے ہجرت کی ہے اور علم کے ساتھ ساتھ انسانیت کا مشاہدہ بھی کیا ہے تو آپ لوگوں کو صیہونی حکومت کے مظالم کے خلاف اپنا ردعمل ظاہر کرنا اور بیدار رہنا چاہئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی نائب صدر انسیہ خز علی نے غزہ کی خواتین کو دنیا کی تاریخ میں سب سے زیادہ صابر اور ثابت قدم خواتین قرار دیا۔
واضح رہے کہ غزہ پر صیہونی جارحیت میں اب تک 11 ہزار 360افراد شہید ہوئے جن میں 3 ہزار سے زائد خواتین ہیں۔