Feb ۰۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • کچھ ممالک کے اسرائیل کے ساتھ روابط نے ان کے عوام کو نقصان پہنچایا ہے:  صدر رئیسی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے صیہونی حکومت سے اسلامی ملکوں کے دوری اختیار کرنے کو اسلامی جمہوریہ ایران کی بنیادی پالیسیوں میں شمار کیا اور کہا کہ بعض اسلامی ممالک کی طرف سے اس پالیسی کو نظر انداز کرنے سے امت اسلامیہ کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

سحرنیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے سوڈان کے قائم مقام وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ جارح صیہونی حکومت نے ہمیشہ فتنہ اور سازشیں کرکے مسلمانوں کی تحریک کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کبھی بھی اسلامی ملکوں کی دوست نہیں ہوسکتی اور نہ ہی وہ مسلم اقوام کی ترقی و پیشرفت میں دلچسپیی رکھتی ہے-

صدر رئیسی نے صیہونی حکومت کے ساتھ بعض ملکوں کے تعلقات استوار کرنے کو ان ملکوں کی ماہیت و تشخص کے منافی قرار دیا اور کہا کہ آج امت مسلمہ کا بعض اسلامی ملکوں سے سب سے بڑا اور اہم سوال یہ ہےکہ صیہونی درندوں کے ہاتھوں بچوں کی اتنی وسیع پیمانے پر نسل کشی کے باوجود وہ کیسے اس جارح حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں جبکہ اگر یہ ممالک صیہونیوں سے اپنے تعلقات منقطع کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے تو آج ہم غزہ کے مسلمان مظلوم عوام کے خلاف اتنے وسیع پیمانے پر حملوں اور جارحیتیوں کا مشاہدہ نہ کرتے-

صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے سوڈان کی حکومت کی جانب سے تہران - خرطوم تعلقات بحال کرنے کے اقدام کی قدردانی کی-

ٹیگس