ایران میں انتخابات ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع
ایران میں پارلیمانی اور مجلس خبرگان کے انتخابات کے لئے ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق رات بارہ بجے تک جاری رہی۔
سحرنیوز/ ایران: ایران میں پارلیمانی اور مجلس خبرگان کے انتخابات کے لئے ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق رات بارہ بجے تک ہوتی رہی اور ووٹنگ کا عمل رات بارہ بجے اپنے اختتام کو پہنچا۔ ووٹنگ کا عمل ایران کے وزیر داخلہ کے اعلان سے صبح آٹھ بجے شروع ہوا جسے شام چھے بجے ختم ہونا تھا مگر پھر وقت میں تین بار توسیع کی گئی۔ پہلے چھ بجے سے بڑھا کر آٹھ بجے کیا گیا، پھر دوبارہ بڑھا کر دس بجے تک کیا گیا اور بالآخر رات بارہ بجے ووٹنگ کا عمل اپنے اختتام کو پہنچا۔ ووٹنگ کا عمل ختم ہونے پر ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا۔ پارلیمنٹ میں تہران کی تیس نشستیں ہونے کی بنا پر، جس کے لئے تین ہزار پانچ سو پینتالیس امیدوار نامزد ہوئے، ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان ہونے میں کچھ زیادہ وقت درکار ہو گا۔
ایران میں ہونے والے ان انتخابات میں چھ کروڑ، گیارہ لاکھ بہتر ہزار، دو سو اٹھانوے افراد حق رائے دہی رکھتے تھے جن میں سے تین کروڑ نو لاکھ پینتالیس ہزار ایک سو تینتیس مرد اور تین کروڑ دو لاکھ ستائیس ہزار ایک سو پینسٹھ خواتین شامل تھیں۔ ایران کے الیکشن کمیشن کے مطابق بارہویں پارلیمانی انتخابات کے لئے تقریبا پندرہ ہزار نامزد امیدواروں کی صلاحیتوں کی تصدیق کا اعلان کیا گیا جس میں بارہ فیصد خواتین اور اٹھاسی فیصد مرد امیدوار شامل رہے جبکہ مجلس خبرگان کے ایک سو چوالیس نامزد امیدواروں کی اہلیت کی تصدیق کا اعلان کیا گیا۔ ان انتخابات کی، دنیا کے بیس ملکوں کے ایک سو ساٹھ ذرائع ابلاغ کے ساڑھے تین سو سے زائد نامہ نگاروں اور صحافیوں نے رپورٹنگ کی۔