ایران میں انتخابات کے بعد بعض حلقوں کے حتمی اور بعض کے ابتدائی نتائج کے اعلان
ایران کے الیکشن کمیشن نے ملک میں ہونے والے مجلس شورائے اسلامی پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان یا جید فقہا کی کونسل کے انتخابات کے بعض حلقوں کے حتمی اور بعض کے ابتدائی نتائج کا اعلان کردیا ہے-
سحرنیوز/ ایران: الیکشن کمیشن کے ترجمان نے ایران میں ہونے والے انتخابات کے مختلف صوبوں کے بعض حلقوں کے حتمی اور تہران ، شہر رے، اسلام شہر، شمیرانات اور پردیس کے انتخابی حلقوں کے ابتدائی نتائج کا اعلان کیا ہے- ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ووٹنگ کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد ہی الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی گنتی اور ان کے ابتدائی و حتمی نتائج کا اعلان کرنا شروع کردیا تھا ۔ایران کے الیکشن کمیشن کے ترجمان محسن اسلامی نے بتایا کہ موصولہ نتائج کے مطابق تہران کے پانچ ہزار اور ، شہر رے ، شمیرانات ، اسلام شہر اور پردیس کے نو سو ساٹھ انتخابی حلقوں کے ووٹوں کی گنتی انجام پاگئی ہے اور نتائج الیکشن کمیشن کو بھیج دیئے گئے ہيں- ان نتائج کے مطابق تیس امیدوار پہلے نمبر پر ہیں۔
ایران میں جمعے کو پارلیمنٹ کے بارہویں دور کے اور مجلس خبرگان کے چھٹے دور کے انتخابات ہوئے تھے جس میں ایرانی عوام نے نہایت جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ ان انتخابات میں پورے ملک میں ووٹنگ کا سلسلہ صبح آٹھ بجے سے شروع ہوا تھا جسے پروگرام کے مطابق شام چھے بجے تک جاری رہنا تھا لیکن عوام کی زبردست شرکت کے باعث ووٹنگ کا وقت رات بارہ بجے تک بڑھانا پڑا تھا۔ ایرانی عوام نے ان انتخابات میں بڑے پیمانے پر شرکت کر کے ایک بار پھر اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں بالخصوص امریکہ کی جانب سے عوام کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں۔