Mar ۰۵, ۲۰۲۴ ۱۳:۳۳ Asia/Tehran
  • ایران کے پارلیمانی انتخابات میں عوام نے شرکت کرکے عظیم کارنامہ انجام دیا: رہبر انقلاب اسلامی

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ یکم مارچ کو ایران کے پارلیمانی انتخابات میں ایرانی عوام نے بھرپور شرکت کرکے عظیم جہاد انجام دیا ہے۔

سحرنیوز/ ایران: ایران میں یوم درختکاری کے موقع پر رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تین پودے لگائے اور اس کے بعد اپنے ایک بیان میں فرمایا کہ یکم مارچ کو پارلیمانی انتخابات میں عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت کرکے ایک بڑا کارنامہ اور جہاد انجام دیا ہے۔  آپ نے مجلس شورائے اسلامی یا پارلیمنٹ کے حالیہ انتخابات میں بھرپور شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور فرمایا کہ دشمن نے پچھلے ایک سال سے اپنے پروپیگنڈوں کے ذریعے کوشش کی کہ عوام کو انتخابات سے دور رکھیں لیکن ایرانی عوام نے یکم مارچ کو اپنی بھرپور شرکت سے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بنادیا۔

آپ نے اپنے ہاتھ سے تین پودے لگانے کی جانب سے اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ان تینوں پودوں میں سے ایک پودا زیتون کا بھی ہے جو فلسطین کے مظلوم البتہ ثابت قدم عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لئے ہے اور ہم فلسطین کے عوام کو یہ پیغام دینا چـاہتے ہيں کہ ہر حال میں آپ کے ساتھ ہیں اور زیتوں کا پودا لگا کر بھی آپ کو یاد کررہے ہيں۔

رہبرانقلاب اسلامی نے اسی طرح ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں سیلاب سے متاثرین کی فوری اور بھرپور مدد کے لئے ایرانی حکام کو ہدایت دی-

ٹیگس