Apr ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۳:۵۴ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ سری لنکا کی ترقی میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے: صدر ابراہیم رئیسی

صدر ایران ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی پاکستان کا دورہ مکمل کرکے آج صبح سرکاری دورے پر کولمبو پہنچے۔

سحرنیوز/ ایران: کولمبو سے موصولہ رپورٹ کے مطابق صدر ایران ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اپنے سری لنکن ہم منصب کی دعوت پر کولمبو پہنچے ہیں جہاں سری لنکا کے اعلی رتبہ حکام اور بعض دیگر اہم شخصیات نے ان کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔ صدر سید ابراہیم رئیسی نے سری لنکا کے قلب میں واقع ایرانی انجینئروں کے شاہکار " اما اویا " ڈیم اور پاور پلانٹ کے کثیر المقاصد منصوبے کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ یہ پروجیکٹ ایران اور سری لنکا دونوں ملکوں کی دوستی کی علامت ہے-

صدر مملکت نے کہا کہ اس پروجیکٹ کا سرمایہ سری لنکا نے اور تکنیکی اور انجینئرنگ سروسز اسلامی جمہوریہ ایران نے فراہم کی تھی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی تکنیکی اور انجینئرنگ صلاحیتوں کے ساتھ بیس سے زائد ممالک میں بجلی اور پانی کے بڑے منصوبوں پر کام کررہاہے-

صدر رئیسی نے مزید کہا کہ مغرب یہ بتانا چاہتا تھا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی اس کے اختیار میں ہے لیکن ایرانی ماہرین اور سائنس دانوں کے توانا ہاتھوں نے آج نہ صرف ایران میں بلکہ پورے براعظم ایشیا اور خطے کے ممالک میں عظیم کارنامے انجام دیے ہیں۔ صدر نے واضح کیا کہ تسلط پسندانہ نظام قوموں کو یہ باور کرانا چاہتا ہے کہ آپ کوئی کام ہمارے بغیر ، ہماری ٹکنالوجی اور شرکت کے بغیر نہیں کر سکتے، یہ ایک استعماری سازش ہے جسے ہم مسترد کرتے ہيں -

ٹیگس