May ۱۵, ۲۰۲۴ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • حکیم طوس فردوسی کا شاہنامہ، دانشمندی اور عوام دوستی کی علامت ہے: صدر مملکت رئیسی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ حکیم توس کا شاہنامہ، حریت پسندی، عدل و انصاف، شجاعت، سخاوت ، پائیداری ، دانشمندی اور عوام دوستی کی علامت ہے۔

سحرنیوز/ ایران: ارنا کے مطابق صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے فردوسی کانفرنس کے نام اپنے پیغام میں جو اسلامی ہدایت و ثقافت کے وزیر محمد مہدی اسماعیلی نے پڑھ کر سنایا، کہا ہے کہ وہ عوام جنہوں نے ہمیشہ پائیداری کے ساتھ حق کا ساتھ دیا اور ہر جارح سے اپنی سرزمین کو محفوظ رکھا ہے، انھوں نے رستم کی طرح، اپنے ایمان اور وعدہ صادق الہی پر اعتماد کے ساتھ قلب اہرمن کو نشانہ بنایا ہے۔

صدر سید ابراہیم رئیسی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایران اسلامی کی تہذیب و ثقافت درخشاں اسلامی تمدن کے پیکر میں ایک عظیم حقیقت ہے اور اس دیرینہ مشرقی تمدن کے قلب میں ایرانی تہذیب نے ایک پرفیض چشمے کی طرح نہ صرف اسلامی دنیا کو عظمت عطا کی بلکہ مشرقی و مغربی بیداری کی زنجیر کے مرکزی حلقے کی حیثیت سے حقیقی تعلیم و معرفت، عدل و انصاف اور دانشمندی کا پرچم بلند کیا۔

انھوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فردوسی صرف ایک شاعر ہی نہیں تھے بلکہ انہیں ایران اسلامی کی تہذیب و ثقافت کی علامت سمجھنا چاہیے جنہوں نے اپنی ایران دوستی اور خاندان عصمت و طہارت سے خاص محبت و عقیدت کے سائے میں ایرانی تشخص کو اجاگر کیا۔

صدر ایران نے اپنے پیغام میں کہا کہ فردوسی نے اپنے شاہنامے کے پیکر میں نظم کا ایک فلک بوس قصر اور حماسی ادب کا ایک عظیم قلعہ تعمیر کیا جس کی بنیاد زبان فارسی اور اس کا مینار حب علی ہے۔

ٹیگس