ایران میں صدارتی انتخابات کے لئے انتخابی مہم کا آغاز
ایران کے صدارتی انتخابات میں اہل قرار پائے جانے والے چھے نامزد امیدواروں کے ناموں کے اعلان کے ساتھ ہی ، نامزد امیدواروں کی انتخابی مہم کا آج سے باضابطہ آغاز ہو گيا ہے جو چھبیس جون تک جاری رہے گا-
سحرنیوز/ایران: ایران کے الیکشن کمیشن کے ترجمان نے چودھویں صدارتی انتخابات کے لئے اہل امیدواروں کے حتمی ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
اس اعلان کی بنیاد پر مصطفی پور محمدی، سعید جلیلی، محمد باقر قالیباف، علی رضا زاکانی، امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی اور مسعود پزشکیان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ نامزد امیدواروں کی اہلیت کا جائزہ لینے کا عمل چار جون کو شورائے نگہبان یا گارڈین کونسل میں شروع ہوا تھا اور پانچ دن کے بعد چھے اہل امیدواروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کردیا گيا ۔
صدارتی انتخابات کے قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کے اعلان کے ساتھ ہی آج نو جون سے چھبیس جون تک اہل امیدوار باضابطہ طور پر اپنی انتخابی مہم انجام دے سکیں گے اور اٹھائیس جون کو صدارتی انتخابات ہوں گے۔