Jun ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۲:۵۰ Asia/Tehran
  • ایران میں صدارتی انتخابات، پولنگ کا آغاز

اسلامی جمہوریہ ایران میں چودھویں صدارتی انتخابات کے لئے آج صبح آٹھ بجے سے ووٹنگ شروع ہوگئی ہے اور سب سے پہلے رہبر انقلاب اسلامی نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق آج صبح آٹھ بجے سے چودہویں صدارتی انتخابات کے لئے پولنگ شروع ہوگئی ہے اور صبح سب سے پہلا ووٹ رہبرانقلاب اسلامی نے کاسٹ کیا۔
آپ نے اس موقع پر فرمایا کہ ایران میں انتخابات کا دن جشن اور خوشی کا دن ہوتا ہے خاص طور پر اگر صدارتی الیکشن ہو۔ آپ نے فرمایا کہ یہ ایک اہم سیاسی امتحان ہے، عوام اس میں بھرپور حصہ لیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت سے ملک اور اسلامی نظام مستحکم ہوتاہے۔
آج جمعے کے دن صبح آٹھ بجے سے ملک بھر میں ووٹنگ کا عمل جو شروع ہوا ہے یہ دس گھنٹے تک جاری رہے گا البتہ وزیر داخلہ کی صوابدید کے مطابق اس میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔
ووٹنگ کے حوالے سے لوگوں میں بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ اور آج صبح سے ہی ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لئے لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے ہوئے ہیں. الیکشن کمیشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی آئین کی شق چھتیس کے مطابق صدارتی انتخابات میں ایرانی شہریت رکھنے والا ہر فرد ووٹ دے سکے گا۔ ووٹ دینے کے لئے اٹھارہ سال مکمل ہونا شرط ہے اس طرح ستائیس جون کو اٹھارہ سال مکمل ہونے والے جوان لڑکے اور لڑکیوں کو ووٹ دینے کا حق حاصل ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم ایرانیوں کے پاس قومی شناختی کارڈ نہ ہو تو اپنا پاسپورٹ دکھا کر ووٹ دے سکتے ہیں۔
ایران کے آئین کی نگراں کونسل کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کے چودھویں صدارتی انتخابات کی ووٹنگ اندرون ملک انسٹھ ہزار شعبوں اور بیرون ایران پچانوے ملکوں میں ہوگی۔ انتخابات کی کوریج کے لیے دنیا بھر سے ذرائع ابلاغ کے نمائندے ایران آئے ہوئے ہیں۔
امریکہ، روس، چین، برطانیہ، جرمنی، اسپین، فرانس، آسٹریا، ہالینڈ، عرب امارات، کویت، ترکیہ، اٹلی، یمن، جاپان، فلپائن، قطر، عمان، لبنان، آسٹریلیا، سویڈن، ڈنمارک، جنوبی کوریا، عراق اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے صحافی انتخابات کی کوریج کر رہے ہیں۔

ٹیگس