ایران کے چودھویں صدارتی انتخابات، ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری
ایران کے چودھویں صدارتی انتخابات کا عمل کامیابی کے ساتھ جمعے کی شب مکمل ہوا اور اس وقت ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
سحرنیوز/ایران: گزشتہ روز اسلامی جمہوریہ ایران نے ایک بار پھر اپنی جمہوریت کا جشن منایا اور صبح آٹھ بجے سے رات بارہ بجے تک بھرپور انداز میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ قانون کے مطابق ابتدائی طور پر ووٹنگ کا عمل شام چھے بجے تک جاری رہنا تھا مگر شام کے وقت ووٹرز کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے وزارت داخلہ نے اس کے وقت میں تین مرتبہ توسیع کی اور پھر ووٹنگ کا عمل رات بارہ بجے تک جاری رہا۔
غیر ملکی میڈیا نے بھی ایران کے صدارتی انتخابات میں عوامی شرکت کو خوب کوریج دی۔ صدارتی عہدے کے لئے چار امیدواروں میدان میں تھے۔ ایران کے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وقت دو امیدواروں سعید جلیلی اور مسعود پزشکیان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔ انتخابی قانون کی رو سے اگر کوئی امیدوار اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوا تو پھر صدر کا انتخاب دوسرے مرحلے کی ووٹنگ پر منحصر ہوگا جو آئندہ ہفتے جمعے کو انجام پائے گی۔