ایران کا پہلا مال بردار بحری جہاز کیسپیئن سی کے ساحلی ملکوں کے لئے روانہ
کیسپیئن بندرگاہ سے پہلی ریلوے کھیپ ساحلی ملکوں کے لئے روانہ کردی گئی۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ جہازرانی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ کیسپیئن سی کے ساحلی ملکوں تک برآمداتی سامان پہنچانے کے پروگرام کے تحت، پہلا مال بردار بحری جہاز، ایران کے کیسپیئن پورٹ سے اس سمندر کے ساحلی ملکوں کے لئے روانہ کردیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق کیسپیئن سی کے ساحلی ملکوں تک برآمداتی سامان پہنچانے کے پروگرام کے تحت سیمنٹ کی پہلی کھیپ روانہ کی گئی ہے۔
سیمینٹ کی یہ کھیپ ٹرین کے ذریعے کیسپیئن پورٹ تک پہنچائی گئی اور وہاں سے مال بردار بحری جہاز سے روانہ کی گئی۔
اس منصوبے کے تحت طے پایا ہے کہ رشت کیسپیئن پورٹ ریلوے لائن کے افتتاح کے بعد ایران سے سالانہ چار لاکھ ٹن سیمنٹ اس راستے سے کیسپیئن سی کے ساحلی ملکوں کو برآمد کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ مذکورہ راستہ، ایرانی برآمدات کے علاوہ اس لحاظ سے بھی اہمیت رکھتا ہے کہ اس پر ٹرانزٹ کے طور پر بھی توجہ دی جا رہی ہے اور بہت جلد ٹرانزٹ کے لئے، دوسرے ملکوں سے ایران پہنچنے والے سامان کی سپلائی بھی ایران کی کیسپیئن پورٹ سے متصل اس ریلوے لائن کے ذریعے کیسپیئن بندرگاہ اور وہاں سے بحری جہاز کے ذریعے اس سمندر کے ساحلی ملکوں کے لئے شروع ہوجائے گی۔