روسی گیس کی ایران منتقلی کے پروجکٹ بڑا منصوبہ ہے، ایران کے پیٹرولیئم کے وزیر جواد اوجی
اسلامی جمہوریہ ایران کے پیٹرولیئم کے وزیر نے شمال جنوب گیس سپلائی کی پائپ لائن کے پروجکٹ کو بہت بڑا منصوبہ قرار دیا جو ایران کو علاقے میں گیس کی سپلائی کا مرکز بنادے گا۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے پیٹرولیئم کے وزیر جواد اوجی نے بدھ کو نگراں صدر ڈاکٹر محمد مخبر کی صدارت میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں روسی گیس کی ایران منتقلی کے معاہدے کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ شہید صدر آیت اللہ رئیسی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شمال جنوب گیس سپلائی کی پائپ لائن کا یہ پروجکٹ ایران کی تاریخ کا سب سے بڑا پروجکٹ ہے جس کی تکمیل کے بعد سالانہ دس سے بارہ ارب ڈالر کی مالیت کے سودے انجام پائيں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے پیٹرولیئم کے وزیر نے بتایا کہ حال حاضر میں ملک کی تئيس ریفائنریوں میں گیس کی یومیہ پیداوار تقریبا آٹھ سو پچاس ملین مکعب میٹر ہے اور مذکورہ پروجکٹ کی تکمیل کے بعد یومیہ تین سو ملین مکعب میٹر گیس روس سے ایران پہنچے گی۔
وزیر پیٹرولیئم جواد اوجی نے بتایا کہ گیس پائپ لائن بچھانے کے اس پروجکٹ کے اخراجات روس نے قبول کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گیس کی سپلائی کے اس پروجکٹ کی تکمیل سے ملک کے اندر گیس کی فراہمی بڑھنے کے ساتھ ہی ایران کی گیس برآمد کرنے کی توانائی میں بھی حیرت انگیز اضافہ ہوگا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے پیٹرولیئم کے وزیر جواد اوجی نے کہا کہ شمال سے جنوب کے لئے گیس سپلائی کی پائپ لائن کا پروجکٹ بے نظیر ہے جو ایران کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے اور اس کی تکمیل کے بعد سالانہ دس سے بارہ ارب ڈالر تک کے معاملات انجام پائیں گے۔
انہوں نے اس تیس سالہ معاہدے کو شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی علاقائی ڈپلومیسی کا ایک کامیاب نمونہ قرار دیا اور کہا کہ اس پروجکٹ کی تکمیل کے بعد ایران خطے میں گیس کی سپلائی کا مرکز بن جائے گا جو اس کی تجارتی، اقتصادی اور سیاسی سیکورٹی میں قابل ملاحظہ استحکام پر منتج ہوگا۔