کنعانی :ایران کی دفاعی اور سیکورٹی ڈاکٹرائن میں ایٹمی اسلحے کی کبھی کوئی جگہ نہیں رہی
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے امریکی ایوان نما ئندگان کی انٹیلیجنس کمیٹی کے سربراہ کے ایران مخالف دعوے کے بارے میں ایک سوال کے جوا ب میں کہا ہے کہ ایران کی دفاعی اور سیکورٹی ڈاکٹرائن میں ایٹمی اسلحے کی کوئی جگہ نہیں ہے
سحرنیوز/ایران:دفترخارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ ایٹمی توانائی سے پر امن استفادہ ایران کی اسٹریٹیجی اور ڈاکٹرائن ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران اپنی ضرورتوں کے مطابق اورجامع سیف گارڈ معاہدے نیز این پی ٹی کے تحت اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور حقوق کی اساس پر پرامن مقاصد کے لئے ایٹمی میدان میں پیشرفت کررہا ہے۔۔
انھوں نے کہا کہ ایٹمی اسلحہ ہماری دفاعی اور سیکورٹی ڈاکٹرائن میں کبھی نہیں رہا اور اس حوالے سے ایران کے خلاف کئے جانے والے امریکی حکام کے دعوے بے بنیاد ہیں۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ امریکی حکام برسوں سے ایرانو فوبیا کے تحت تہران پر ایٹمی اسلحے بنانے کے بے بنیاد دعوے کررہے ہیں اور ہمیشہ ان کا جھوٹ ثابت ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران اس قسم کے بیانات اور دعووں کو کوئی اہمیت نہیں دیتا۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے اس سوال کے جواب میں کہ ایران کے خلاف ایٹمی اسلحے کے تعلق سے تازہ دعوی امریکی ایوان نمائندگان کے اراکین کی طرف سے کیا گیا ہے، اس قسم کے جھوٹے دعوؤں سے وہ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟ کہا کہ یہ دعوی کہ ایران ایٹمی اسلحہ تیار کرنے قریب پہنچ گیا ہے، ہمیشہ صیہونی حکومت نے کیا ہے اور واشنگٹن میں اس کے حامیوں نے اس دعوے کے تکرار کی ہے لیکن ہمیشہ ان دعوؤں کا جھوٹا ہونا ثابت ہوا ہے ۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ ان جھوٹے دعوؤں سے امریکا کا کوئی فائدہ ہونے والا نہیں ہے کیونکہ ان دعوؤں سے پر امن ایٹمی پروگرام جاری رکھنے اور اس کی توسیع کے لئے ایران کا عزم و ارادہ متاثرنہیں ہوگا۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا کو یاد رکھنا چاہئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بے بنیاد دعوؤں اور الزامات کے ذریعے وہ غاصب اور جارح صیہونی حکومت کے جرائم اور جارحیتوں کی طرف سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتے ۔
انھوں نے کہا کہ مغربی ایشیا میں صرف غاصب صیہونی حکومت کے پاس ایٹمی اسلحے ہیں اور وہ این پی ٹی اور سی ٹی بی ٹی سمیت ایٹمی ترک اسلحہ کے حوالے سے کسی بھی بین الاقوامی معاہدے کی نہ رکن ہے اور ہی کسی قانون کی پابندی کرتی ہے اور علاقائی نیز بین الاقوامی امن وسلامتی کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ اس غیر قانونی حکومت کے امریکی حامی غزہ میں فلسطینی عوام کی نسل کشی اور اس کے دیگر وسیع جرائم کی طرف سے عالمی ائے عامہ کی توجہ ہٹانے کے لئے اس قسم کے دعوے کررہے ہیں لیکن وہ اپنا یہ ہدف ہرگز حاصل نہیں کرسکتے۔