ایران: حرم امام رضا (ع) کے خدام پاکستانی زائرین کی بس کے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی امداد کےلئے صوبہ یزد روانہ
حرم امام رضا علیہ السلام کے منتظم اعلیٰ نے بتایا کہ صوبہ یزد میں دھشیر کے مقام پر پاکستانی بس حادثے میں زخمی ہونے والے زائرین کی عیادت اور دلجوئی کے لئے حرم امام رضا علیہ السلام کے خادموں کو یزد روانہ کر دیا گیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق حرم امام رضا علیہ السلام کے منتظم اعلیٰ جناب رضا خوراکیان نے کہا کہ صوبہ یزد میں پاکستانی زائرین کو پیش آنے والے حادثے کے بعد حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی کے حکم پر پانچ افراد پر مشتمل خادموں کا ایک وفد یزد روانہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفد کے ہمراہ اردو مترجم بھی ہے، اس کے علاوہ حرم امام رضا علیہ السلام کے متبرکات اور گنبد امام رضا علیہ السلام کا پرچم بھی ہے۔
اس وفد کو روانہ کرنے کا مقصد زخمی زائرین کی عیادت، دلجوئی اور ان کےلئے خدمات کی فراہمی ہے۔
واضح رہے کہ یہ حادثہ 20اگست 2024 کو رات نو بج کر پینتالیس منٹ پر ایران کے صوبہ یزد کے دہشیر مقام پر پیش آیا جس میں 28 پاکستانی جاں بحق اور 23 دیگر زخمی ہوئے۔