غزہ کے عوام مظلومیت اور استقامت کی علامت؛ ایرانی وزیرخارجہ
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے غزہ کے عوام کو مظلومیت اور استقامت کی علامت قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے سماجی رابطے کے ایکس پیج پر لکھا کہ بھوک کے ہاتھوں مجبور، روٹی کے ایک ٹکڑے، پانی کا ایک گھونٹ اور انسانی امداد کے منتظر صفوں میں لگے مظلوم فلسطینیوں پر حملہ جنگی جرم اور انسانیت کے خلاف جارحیت کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے لکھا کہ جرائم پیشہ صہیونیوں نے غزہ کے بے دفاع عوام پر پیاس اور جبری بھوک مسلط کرنے کے بے شرم طریقے کو بھی نہیں چھوڑا۔ لیکن ہمیشہ کی طرح وہ غزہ کے لوگوں کے آہنی عزم کو توڑنے میں ناکام رہے۔ سید عباس عراقچی نے اپنی اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ عالمی برادری اور مغرب میں انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار امداد کی تقسیم کے مراکز میں امریکہ اور اسرائیلی حکومت کے ہاتھوں موت کے جال میں پھنس کر موت کی آغوش میں جانے والے ایک ہزار بے گناہوں کے خون ناحق کا جواب دیں۔