ایران: "مجاہدان در غربت" کے زیرعنوان نویں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد
ایران کے شہر دامغان میں ’’مجاہدان در غربت ‘‘ کے زیرعنوان منعقد ہونے والی نویں بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی کے پیغام سے کیا گیا۔
سحرنیوز/ایران: آستان نیوز کی رپورٹ کے مطابق آستان قدس رضوی کے ادارہ بین الاقوامی امور کے نائب ڈائریکٹر حجت الاسلام والمسلمین مصطفی فقیہ اسفندیاری نے ایران کی دامغان یونیورسٹی میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ اس پیغام میں کہا گیا کہ خدا کی راہ میں جہاد کرنا الہیٰ اقدار میں سے ہے اور خاص لوگوں کو یہ سعادت نصیب ہوتی ہے، پیغمبر اکرم(ص) اور ائمہ معصومین علیہم السلام کی کاوشیں شہادت سے رنگ لائیں، حضرت امام علی رضا علیہ السلام سامراج سے مقابلہ اور مبارزہ کرنے کا مظہر ہیں۔ امام رضا علیہ السلام مظلوم کے دفاع کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے تھے اور سب کو ظالم کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا سبق دیتے تھے۔ اس پیغام کے دوسرے حصے میں آیا ہے کہ جہاد کے ساتھ ساتھ ایمان کا عنصر استکبار کے خلاف مزاحمت اور فتح کے تسلسل کا باعث بنا ہے۔ موجودہ حالات میں جہاں معصوم بچوں کی قاتل صیہونی حکومت؛ عالمی سامراج کی پشت پناہی سے لیس ہے وہیں غزہ میں مجاہدین کے ایک چھوٹے سے مزاحمتی گروپ کے سامنےبے بس ہے کیونکہ غزہ کے مظلوم عوام کی صیہونی وحشیانہ حملوں کے خلاف مزاحمت اور استقامت اللہ پر پختہ یقین اور ایمان کی وجہ سے ہے۔
واضح رہے کہ "مجاہدان در غربت" کے عنوان سے منعقد کی جانے والی بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب کی ایک نشست شام میں اور دوسری ہندوستان میں منعقد کی گئی۔
اس وقت دامغان میں منعقد کی جانے والی بین الاقوامی کانفرنس میں 26 ممالک سے اہم شخصیات شریک ہیں۔ واضح رہے کہ اس بین الاقوامی کانفرنس کی اختتامی تقریب حرم امام رضا علیہ السلام میں منعقد کی جائے گی۔