Sep ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۱:۲۶ Asia/Tehran

صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے آج صبح بغداد پہنچنے کے بعد سرداران محاذ استقامت کی جائے شہادت پر حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

سحرنیوز/ایران: ارنا کے مطابق صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان اپنے پہلے غیرملکی دورے میں ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد لے کر آج صبح بغداد پہنچے۔
اس رپورٹ کے مطابق بغداد ایئرپورٹ سے عراق کے ایوان صدر جانے سے پہلے، صدر مملکت نے  سراداران محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کی جائے شہادت پر حاضری دی، ان کی شہادت کی یادگار پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
یاد رہے کہ 3 جنوری  2020 کی صبح امریکی فوج نے بغداد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ قدس کے کماںڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضا کار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس کے کارواں پر دہشت گردانہ فضائی حملہ کردیا تھا جن میں محاذ استقامت کے ان سرداروں کی شہادت ہوگئی تھی۔ عراق میں غیر قانونی طور پر موجود امریکی فوج  نے یہ دہشت گردانہ فضائی حملہ ایسی حالت میں کیا تھا کہ سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی عراقی حکومت کی سرکاری دعوت پر بغداد گئے تھے اور عراق کے سرکاری مہمان تھے۔
واضح رہے کہ صدر ایران  ڈاکٹر مسعود پزشکیان عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی کی سرکاری دعوت پر آج بدھ کی صبح بغداد پہنچے ہیں۔

 

ٹیگس