ایران میں کینسر کے علاج کی نئی دوا تیار
میڈیسن کے شعبے میں ایک ایرانی ریسرچ بیسڈ کمپنی کے محققین، کینسر کے خلاف ادویات کی جدید ترین نسل " ٹیڈروکس" بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں جو چھاتی اور معدے کے کینسر کے مریضوں کی زندگی میں اضافے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کے سائنسی نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، یہ ریسرچ بیسڈ کمپنی تہران یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے فارغ التحصیل طلباء اور پروفیسروں کے ایک گروپ نے قائم کی تھی جس کا مقصد پیچیدہ فارماسیوٹیکل ٹیکنالوجیز پر مبنی جدید ادویات تیار کرنا ہے۔ اس کمپنی نے پندرہویں نینو اینڈ مائیکرو ٹیکنالوجی ایگزیبیشن ایران نینو دوہزار چوبیس میں اپنی پراڈکٹ کی نقاب کشائی کی جو تہران کے انٹرنیشنل ایگزیبیشن سنٹر میں چار دنوں کے لیے منعقد ہوئی۔
اس ریسرچ بیسڈ کمپنی کے فارماسسٹ اور بزنس ڈیولپمنٹ مینیجر علی آقاجانی نے ایرنا کے ساتھ ایک انٹرویو میں بتایا کہ انکی کمپنی کا بنیادی مقصد نئی ادویات تک رسائی فراہم کرکے مریضوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے محققین نے اینٹی باڈی پر مبنی ادویات کی جدید ترین نسل کا استعمال کیا ہے، جسے "ٹیڈروکس" کہا جاتا ہے اور یہ دوا کینسر کے مریضوں کی عمر میں کئی گنا اضافہ کر سکتی ہے۔ ٹارگٹڈ تھراپی کی وجہ سے یہ جسم میں تھوڑی مقدار میں انجیکٹ کی جاتی ہے اور کینسر کی دوائیوں کے عام ضمنی اثرات کو کم کرتی ہے۔